قدرت کا عجیب کرشمہ
مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ فرماتے ہیں:ایک مرتبہ میں جنوبی افریقہ میں کیپ ٹاؤن کے علاقے میں ریل گاڑی پر سفر کررہا تھا…… راستے میں ایک جگہ پہاڑی علاقے میں گاڑی رک گئی، ہم نماز کے لئے نیچے اترے، وہاں میں نے دیکھا کہ ایک خوبصورت پودا ہے، اس کے پتے بہت خوبصورت تھے اور وہ پودابہت حسین و جمیل معلوم ہورہا تھا……۔
بے اختیار دل چاہا کہ اس کے پتے کو توڑ لیں …… میں نے جیسے ہی اس کے پتے کو توڑنے کے لئے ہاتھ بڑھایا تو میرے جو رہنما تھے…… وہ ایک دم زور سے چیخ پڑے کہ حضرت! اس کو ہاتھ مت لگایئے گا، میں نے پوچھا کیوں؟۔
انہوں نے بتایا کہ یہ بہت زہریلی جھاڑی ہے…… اس کے پتے دیکھنے میں تو بہت خوشنما ہیں لیکن یہ اتنا زہریلا ہے کہ اس کے چھونے سے انسان کے جسم میں زہر چڑھ جاتا ہے اور جس طرح بچھو کے ڈسنے سے زہر کی لہریں اٹھتی ہیں ……۔
اسی طرح اس کے چھونے سے بھی لہریں اٹھتی ہیں …… میں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ میں نے ہاتھ نہیں لگایا…… اور پہلے سے معلوم ہوگیا…… یہ تو بڑی خطرناک چیز ہے، دیکھنے میں بڑی خوبصورت ہے…… پھر میں نے ان سے کہا کہ یہ معاملہ تو بڑا خطرناک ہے…… اس لئے کہ آپ نے مجھے تو بتا دیا جس کی وجہ سے میں بچ گیا……۔
لیکن اگر کوئی انجان آدمی جاکر اس کو ہاتھ لگادے، وہ تو مصیبت اور تکلیف میں مبتلا ہوجائے گا……۔
اس پر انہوں نے اس سے بھی زیادہ عجیب بات بتائی…… وہ یہ کہ اللہ تعالیٰ کی قدرت کا عجیب کرشمہ ہے کہ جہاں کہیں یہ زہریلی جھاڑی ہوتی ہے…… اسی کی جڑ میں آس پاس لازماً ایک پودا اور ہوتا ہے، لہٰذا اگر کسی شخص کا ہاتھ اس زہریلے پودے پر لگ جائے تو وہ فوراً اس دوسرے پودے کے پتے کو ہاتھ لگا دے…… اسی وقت اس کا زہر ختم ہوجائے گا…… چنانچہ انہوں نے اسی کی جڑ میں وہ دوسرا پودا بھی دکھایا…… یہ اس کا تریاق ہے……
بس یہی مثال ہے ہمارے گناہوں کی اور استغفار و توبہ کی، لہٰذا جہاں کہیں گناہ کا زہر چڑھ جائے تو فوراً توبہ استغفار کا تریاق استعمال کرو…… اسی وقت اس گناہ کا زہر اتر جائے گا……
(گناہ چھوڑنے کے آسان نسخے)
کتاب کا نام: ایک ہزار پرتاثیر واقعات صفحہ 83۔
ایک ہزار پُرتاثیر واقعات
ایک ہزار پُرتاثیر واقعات
عبرت و نصیحت سے بھرپور دل کی دنیا بدلنے میں اکسیر اولیاء اللہ کے ارشاد فرمودہ دلچسپ و حیرت انگیز واقعات۔
0 Comments