تعویذ کے مسنون کلمات

Mufti Taqi Usmani Words and Blogs on KitabFarosh Online Bookstore
تعویذ کے مسنون کلمات

تعویذ کاغذ پر لکھے جاتے ہیں اور ان کو کبھی پیا جاتا ہےاور کبھی گلے اور بازو میں باندھا جاتا ہے۔ کبھی جسم کے کسی اور حصے پر استعمال کیا جاتا ہے، خوب سمجھ لیں کہ رسول اللہ صلی اﷲ علیہ وسلم سے تو یہ ثابت نہیں کہ آپ نے کوئی تعویذ لکھا ہو، لیکن صحابہ کرامؓ سے تعویذ لکھنا ثابت ہے، چنانچہ حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بہت سے صحابہ کرام کو یہ کلمات سکھائے تھے کہ:۔

اَعُوذُ بِکَلِمَاتِ اللّٰہِ التَّامَّاتِ مِن شَرِّمَا خَلَقَ وَاللّٰہُ خَیرٌ حَافِظًا وَھُوَ اَرحَمُ الرَّاحِمِینَ۔

چنانچہ حضرت عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ جو پہلے یہودی تھے پھر مسلمان ہوئے تھے، یہودی ان کے دشمن تھے، اور ان کے خلاف جادو وغیرہ کرتے رہتے تھے، تو حضور اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم نے ان کو یہ کلمات سکھاتے ہوئے فرمایا تھا کہ تم یہ کلمات خودپڑھا کرو، اور اپنے اوپر اس کا دم کر لیا کرو، پھر ان شاء اللہ کوئی جادو تم پر اثر نہیں کرے گا۔ چنانچہ وہ یہ کلمات پڑھا کرتے تھے۔

اور حضور اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم نے یہ فرمایا تھا کہ اگر رات کو سوتے ہوئے کسی کی آنکھ گھبراہٹ سے کھل جائے، اور اس کو خوف محسوس ہو تو یہ کلمات پڑھ لے۔ چنانچہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے اپنی بڑی اولاد کو تو یہ کلمات سکھا دیے ہیں، اور یاد کرا دیے ہیں، تاکہ اس کو پڑھ کر وہ اپنے اوپر دم کرتے رہا کریں، اور اس کے نتیجے میں وہ اللہ تعالیٰ کی حفاظت میں رہیں، اور جو میرے چھوٹے بچے ہیں وہ یہ کلمات خود سے نہیں پڑھ سکتے، ان کیلئے میں نے یہ کلمات کاغذ پر لکھ کر انکے گلے میں ڈال دئیے ہیں۔

یہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ اگر کسی عورت کی ولادت کا وقت ہو تو ولادت میں سہولت کیلئے تشتری یا صاف برتن میں یہ کلمات لکھ کر اور پھر اس کو دھو کر اس خاتون کو پلا دیں تو اللہ تعالیٰ اس کی برکت سے ولادت میں سہولت فرما دیتے ہیں، اسی طرح بہت سے صحابہ اور تابعین سے منقول ہے کہ وہ لکھ کر لوگوں کو تعویذ دیا کرتے تھے۔

شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://kitabfarosh.com/category/kitabfarsoh-blogs/mufti-taqi-usmani-words/

Written by Huzaifa Ishaq

You May Also Like…

کیا یہ ہے جشن آزادی؟

کیا یہ ہے جشن آزادی؟ شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ تحریر فرماتے ہیں:۔14اگست کا دن تھا۔ پورا شہر آزادی کی...

KitabFarosh – Aapka Apna Online Bookstore

KitabFarosh – Aapka Apna Online Bookstore یہ ہمارے نہایت ہی عزیز اور کتاب فروش کے پرانے کسٹمر ہیں، جنہوں نے ہماری...