اللہ تعالیٰ کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا

Mufti Taqi Usmani Words and Blogs on KitabFarosh Online Bookstore
اللہ تعالیٰ کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا

جرمنی سے ایک صاحب کا میرے پاس ایک خط آیا جو پاکستانی تھے اور جاکر جرمنی میں مقیم ہوگئے تھے‘ کہ میں پاکستان سے روز گار کی تلاش میں جرمنی آگیا تھا اور اس وقت نہ کوئی دین کا خیال تھا اور نہ کوئی فکر تھی‘ نہ نماز‘ نہ روزہ‘ نہ کچھ بس پیٹ پالنے کی خاطر پاکستان چھوڑ کر جرمنی چلا گیا اور جرمنی میں جاکر مقیم ہوگیا‘ وہاں رہتے رہتے میرے ایک لڑکی سے تعلقات ہوگئے‘ یہ جرمن لڑکی تھی‘ عیسائی تھی‘ ہوتے ہوتے تعلقات ایسے بڑھے کہ میں نے اس سے شادی کرلی اور بے فکری سے وقت گزرتا رہا اور بچے ہوگئے۔

جب میرا بچہ بڑا ہوا اور پڑھنے لکھنے کے لائق ہوا تو میں نے دیکھا کہ میری بیوی جو عیسائی ہے وہ میرے بچے کو عیسائی مذہب کی تعلیم دے رہی ہے اس وقت اچانک میرے اندر کا مسلمان بیدار ہوا اور میرے اندر سے غیرت نے مجھے للکارا کہ یہ تیرا بیٹا ہے اور عیسائی بن رہا ہے اس کو ماں عیسائیت کی تعلیم دے رہی ہے اس دن سے میرے دل میں انقلاب پیدا ہوا اور میں نے سوچا کہ میں اسے روکوں۔

میں نے اپنی بیوی سے کہا کہ یہ میرا بیٹا ہے‘ تم اسکو عیسائیت کی تعلیم نہیں دے سکتیں‘ بیوی نے کہا کہ کیوں نہ دوں؟ یہ میرا بھی بیٹا ہے اور میں جس چیز کو حق سمجھتی ہوں اور صحیح سمجھتی ہوں‘ اسی کے مطابق میں اپنے بیٹے کو تعلیم دوں گی‘ آپ کو روکنے کا کوئی حق نہیں۔

میں نے کہا کہ نہیں تمہارا مذہب حق نہیں ہے ہمارا مذہب حق ہے۔ اب جب بات کرنی شروع کی تو مجھے زیادہ معلومات نہیں تھیں‘ نتیجہ یہ ہوا کہ جب بھی میں بحث کرتا تو وہ جیت جاتی اور میرے پاس جواب نہ بن پاتا‘ یہ سب کچھ ہوتا رہا‘ اس کشمکش کی وجہ سے میں تھوڑا سا نماز‘ روزہ کی طرف بھی متوجہ ہوگیا۔ لیکن جب بھی بحث کرتا ہوں تو میں اس کو قائل نہیں کرپاتا‘ وہ میرے بچوں کو خراب کررہی ہے‘ عیسائی بنا رہی ہے‘ خدا کیلئے میری مدد کیجئے۔

یہ اس مسلمان کے خط کا مضمون تھا میں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی یا اللہ !بیچارہ اس مشکل میں مبتلا ہے ایسی کوئی تدبیر میرے دل میں ڈال دیجئے کہ اس کا مسئلہ حل ہوجائے۔ میں نے ان کو خط میں لکھا کہ اس سے آپ خود تو بحث کرنا چھوڑ دو‘ بحث سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا‘ بالخصوص جب آپ کو دین کا کچھ پتہ ہی نہیں ۔ البتہ اس کو دو باتوں پر کسی طرح راضی کرلو ایک یہ کہ یہ کتاب بھیج رہا ہوں جو میری لکھی ہوئی ہے اردو میں ’’عیسائیت کیا ہے ‘‘ اور انگریزی میں
What is Christianity
کے نام سے چھپی ہوئی ہے ۔ اس کا یہ مطالعہ کرے اور دوسری بات یہ کہ اس سے کہو کہ تم بھی اللہ پر ایمان رکھتی ہو اور میں بھی اللہ پر ایمان رکھتا ہوں تم روز رات کو بیٹھ کر یہ دعا کیا کرو یا اللہ اگر عیسائی مذہب برحق ہے تو میں عیسائی مذہب پر قائم ہوں اور اگر دین اسلام برحق ہے تو اس کی سچائی میرے دل میں ڈال دیجئے اور اسکی حقانیت کا مجھے قائل کردیجئے۔

یہ دعا کیا کرے اس پر اس کو آمادہ کرلو۔ تھوڑے دن بعد جرمنی سے اس کا خط آیا کہ وہ راضی ہوگئی ہے اور آپ کی کتاب کا مطالعہ کررہی ہے اور ساتھ میں وہ رات کے وقت میں یہ دعا بھی کرتی ہے۔ لیکن ابھی تک کوئی فرق نہیں آیا جیسی تھی‘ ویسی ہی ہے اسلام کی طرف کوئی میلان پیدا نہیں ہوا ۔ میں نے خط دوبارہ لکھا کہ گھبرائو نہیں اور اس سے کہو کہ یہ کام کرتی رہے‘ چھوڑے نہیں۔ میں نے بھی اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ یا اللہ تو دل میں ڈال دے۔ وہ برابر دعا کرتی رہی۔

تیسرا جو خط آیا اس میں اس نے لکھا تھا مولانا آپ نے اللہ تعالیٰ کو دلیل سے پہچانا ہوگا میں نے اللہ تعالیٰ کو آنکھوں سے دیکھ لیا اور اس نے یہ لکھا کہ یہ کل کا واقعہ ہے کہ وہ لڑکی کسی یونیورسٹی کے اندر کوئی امتحان دے رہی تھی تو اس امتحان کی وجہ سے یونیورسٹی اس کو جانا تھا‘ میں بھی اس کے ساتھ گیا ہوا تھا۔ ہم نے یونیورسٹی کا کام کیا‘ وہاں سے واپس آرہے تھے اور وہ گاڑی ڈرائیو کررہی تھی‘ گاڑی ڈرائیو کرتے کرتے اس نے اچانک گاڑی بائیں طرف کنارے کھڑی کرکے روک دی‘ گاڑی کے اسٹیرنگ کی طرف منہ ڈال دیا اور رونے لگی‘ میں سمجھا کہ خدا نہ کرے کوئی دل کی تکلیف ہوئی ہے‘ کوئی اس کو دورہ پڑا ہے جو اچانک گاڑی روکی اور رونے لگی ۔

میں نے پوچھا کہ کیا بات ہے تو اس کو اتنا رونا آرہا تھا کہ وہ بول بھی نہیں پارہی تھی تو میں نے اس سے پوچھا بھئی کیا بات ہے؟ کوئی تکلیف ہے؟ کوئی پریشانی ہے؟ تو اس نے روتے روتے مشکل سے یہ جملہ ادا کیا کہ مجھے تکلیف نہیں ہے‘ بس مجھے کسی جگہ لے جاکر مسلمان کرلو۔

یہ اللہ تعالیٰ کی عطا ہے کہ جو دلوں کو پھیر دیتا ہے۔

Written by Huzaifa Ishaq

You May Also Like…

کیا یہ ہے جشن آزادی؟

کیا یہ ہے جشن آزادی؟ شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ تحریر فرماتے ہیں:۔14اگست کا دن تھا۔ پورا شہر آزادی کی...

KitabFarosh – Aapka Apna Online Bookstore

KitabFarosh – Aapka Apna Online Bookstore یہ ہمارے نہایت ہی عزیز اور کتاب فروش کے پرانے کسٹمر ہیں، جنہوں نے ہماری...