نوجوانوں کو صحیح راستے پر لانا ہم سب کا فریضہ ہے
یہ جو آج اسلامو فوبیا کا نعرہ لگایا جاتا ہے۔ اس اسلامو فوبیا کے ایک بڑے ذمہ دار ہم خود ہیں کہ ہم میں سے کچھ نوجوان جو بظاہر مخلص بھی نظر آتے ہیں۔ان کو جہاد کا غلط مطلب بتا کر گمراہ کیا جا رہا ہےاور انہیں یہ کہا جا رہا ہے کہ تم ہتھیار اُٹھا کر شریعت نافذ کرو۔
چاہے مسلمان ملک میں ہو یا غیرمسلم ملکوں میں اور وہ نوجوان ہتھیار اُٹھا کر اور جہاد کے احکام کے بالکل برعکس تشدد اور دہشت گردی پھیلا کر اس کو اسلام کے نام سے منسوب کرنا چاہتے ہیں۔ان نوجوانوں کو صحیح ہدایت دینا اور صحیح راستے پر لانا ہم سب کا مشترک فریضہ ہے۔ اس کام کے لیے جب تک سارے مسلمان اپنے سب اختلافات بھلا کر اور پس پشت ڈال کر کوشش نہیں کریں گے۔ اس وقت تک صورتحال یونہی رہے گی کہ اسلام بھی بدنام ہوگا، جہاد بھی بدنام ہوگا اور مسلمان گویا خود اپنے اوپر دہشت گردی کا ٹھپہ لگالیں گے۔
اس وقت ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں اور نئی نسلوں کو صحیح تعلیم و تربیت دے کر انہیں حقیقت حال سے آگاہ کریں اور انہیں ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں جانے سے بچائیں۔ ٹھیک ہے یہ بات کہی جاتی ہے اور شاید بڑی حد تک صحیح بھی ہے اور اس کے بہت سے اشارے بھی ہیں کہ جتنی بھی دہشت گرد تنظیمیں ہیں ،جنہوں نے اپنا نام جہادی تنظیمیں رکھا ہوا ہے یہ سب لوگ دُشمنوں کے کھڑے کئے ہوئے ہیں تاکہ مسلمانوں کو دہرا نقصان پہنچایا جاسکے، آپس میں لڑائیں بھی،اور مسلمانوں کو بدنام بھی کریں ۔
ہماری کمزوری ہے کہ ہم نے اپنے نوجوانوں کی صحیح تربیت کرنے اور ان کو حالات سے صحیح واقف کروانے میں کوتاہی کی ہے۔آج مسلمانوں کے خلاف غلط سلط پروپیگنڈہ ہورہا ہے ہمارا فرض ہے کہ اس پروپیگنڈے کا عالمانہ انداز میں مدلل جواب دیں اور اس فضاکو بدلنے کی کوشش کریں جو ہمارے خلاف ساری دُنیا میں پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے(البلاغ ، ستمبر2016ء)
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://kitabfarosh.com/category/kitabfarsoh-blogs/mufti-taqi-usmani-words/
Featured products
بوادر النوادر (77-79) 3 جلد
₨ 3190.00درس قرآن ڈیلکس ایڈیشن
₨ 8290.00