ماہ ذیقعدہ
از افادات: شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہ
رمضان المبارک کے بعد شوال کا مہینہ ہے جوکہ اشہر حج یعنی حج کے مہینوں میں سے ہے۔ حدیث شریف میں ہے کہ شوال ذیقعدہ اور ذی الحجہ کے دس دن حج کے مہینے ہیں۔ مطلب یہ ہے کہ کوئی شخص حج کا ارادہ کرکے چلے تو ان ایام میں روانہ ہونے کی صورت میں حج کا احرام باندھ کر روانہ ہوسکتا ہے۔ اس طرح یہ سوا دو مہینے حج کے مہینے کہلاتے ہیں۔ پس معلوم ہوا کہ ذیقعدہ بھی حج کا مہینہ ہے جو اس کے تقدس اور حرمت پر دلالت کرتا ہے۔
دوسری بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے کچھ مہینے ایسے مقرر فرمائے ہیں کہ ان میں لڑائی جائز نہیں۔ ان میں سے ایک ذیقعدہ بھی ہے اگرچہ بعض علماء کے قول کے مطابق ان مہینوں میں لڑائی کا حکم بعد میں منسوخ ہوگیا لیکن بہرحال ان حرمت والے مہینوں میں سے ایک ذیقعدہ بھی ہے۔ اس لحاظ سے بھی یہ حرمت و تقدس والا مہینہ ہے۔
ماہ ذیقعدہ کو نامبارک سمجھنا محض جاہلانہ خیال ہے لوگ اس مہینے میں شادی بیاہ کو معیوب سمجھتے ہیں۔ حالانکہ شریعت میں اس بات کی کوئی اصل نہیں۔ ذیقعدہ حرمت والا مبارک مہینہ ہے جس کی ایک فضیلت یہ بھی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیاۃ طیبہ کے چار عمرے ماہ ذیقعدہ میں ادا فرمائے۔ اس اعتبار سے یہ مہینہ دوسرے مہینوں پر فوقیت رکھتا ہے۔
لہٰذا اس ماہ کے بارہ میں یہ تصور کرنا کہ اس ماہ کے اندر نحوست ہے یا یہ نا مبارک ہے یا بے برکتی والا ہے۔ یہ خیال غلط ہے۔ اللہ تعالیٰ کے تخلیق کئے ہوئے ایام میں کوئی دن منحوس نہیں۔ نحوست تو اللہ تعالیٰ کی نافرمانی میں ہے۔
ماہ ذیقعدہ کے بارہ میں ہمارے ہاں جو غلط خیالات ہمارے معاشرہ میں پھیلے ہوئے ہیں ان کی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے کہ اس ماہ میں کوئی نحوست اور بے برکتی نہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر قسم کے جاہلانہ خیالات سے ہمیں محفوظ فرمائے آمین۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://kitabfarosh.com/category/kitabfarsoh-blogs/mufti-taqi-usmani-words/
Featured products
بوادر النوادر (3 جلد)۔
₨ 3190.00درس قرآن ڈیلکس ایڈیشن
₨ 8290.00