اولاد آنکھوں کی ٹھنڈک کیسے بن سکتی ہے ؟

Mufti Taqi Usmani Words and Blogs on KitabFarosh Online Bookstore
اولاد آنکھوں کی ٹھنڈک کیسے بن سکتی ہے ؟

از افادات: شیخ الاسلام حضرت مولانامفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ العالی
قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے اولاد کے حق میں دُعا سکھائی ہے ۔ اس میں آنکھوں کی ٹھنڈک کا ذکر فرمایا ہے کہ صالح اولاد اپنے والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنے ۔ اس کا طریقہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایک اہم مضمون دیا جاتا ہے جس پر عمل ان شاء اللہ اولاد کو والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنانے میں بہت اہم نکات پر مشتمل ہے۔
زمانہ اس تیزی سے بدل رہا ہے کہ جس انقلاب کو پہلے ایک طویل مدت درکار ہوتی تھی اب وہ دیکھتے ہی دیکھتے رونما ہوجاتا ہے۔ آج کے ماحول کا زیادہ نہیں پندرہ بیس سال پہلے کے وقت سے موازنہ کرکے دیکھئے۔زندگی کے ہر شعبے میں کایا ہی پلٹی ہوئی نظر آئے گی ۔ لوگوں کے افکار و خیالات،سوچنے سمجھنے کے انداز، معمولات زندگی ، معاشرت،رہن سہن کے طریقے، باہمی تعلقات ۔ غرض زندگی کے ہر شعبے میں ایسا انقلاب برپا ہوگیا ہے کہ بعض اوقات سوچنے سے حیرت ہوجاتی ہے۔
کاش !یہ برق رفتاری کسی صحیح سمت میں ہوتی تو آج یقینا دن پھر چکے ہوتے ۔لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ یہ ساری برق رفتاری الٹی سمت میں ہورہی ہے ۔
انبیاء علیہم السلام کی ایسی دو نہیں دسیوں دعائیں منقول ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ اپنی اولاد اور اہل خاندان کی دینی اصلاح کی فکر ان حضرات کی رگ رگ میں سمائی ہوئی تھی۔چنانچہ اللہ تعالیٰ نے جہاں تمام مسلمانوں کو خود عذاب الٰہی سے بچنے کی تاکید فرمائی۔وہاں گھروالوں کو بھی اس سے بچانے کی ذمہ داری ان پرعائد کی ہے۔
بعض حضرات یہ بھی کہتے سنے گئے ہیں کہ ہم نے تو اپنے اہل خانہ کو دینی رنگ میں رنگنے میں بڑی کوشش کی لیکن زمانے کی ہوا ہی ایسی ہے کہ ہمارے وعظ ونصیحت کا ان پر کچھ اثر نہ ہوا مگر بعض اوقات یہ خیال شیطان کے دھوکے کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔
سوال یہ ہے کہ آپ نے کتنی لگن اورکتنی دلسوزی کے ساتھ یہ کوششیں کی ہیں۔اگر آپ کی اولاد جسمانی طورپر بیمار ہو جائے یا اس کا کوئی عضو خدا نہ کرے آگ میں جلنے لگے تو آپ اپنے دل میں کتنی تڑپ محسوس کرتے ہیں اور یہ تڑپ آپ سے کیسے کیسے مشکل کام کرالیتی ہے۔ کیا اپنی اولاد کو گناہوں میں مبتلا دیکھ کر بھی آپ نے اتنی تڑپ محسوس کی ہے ؟ اگر واقعتاً اولاد کی دینی و اخلاقی تباہی دیکھ کر آپ میں اتنی ہی تڑپ پیدا ہوئی ہے۔ جتنی اسے بیمار دیکھ کر ہوتی ہے اور آپ نے اسے دینی تباہی سے بچانے کی ایسی ہی کوشش کی ہے جتنی جسمانی ہلاکت سے بچانے کیلئے کرتے ہیں تو بلا شبہ آپ نے اپنا فریضہ ادا کردیا۔
نئی نسل جس برق رفتاری کے ساتھ فکری گمراہی اور عملی بے راہ روی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اس کا پہلا مؤثر علاج خود ہمارے گھروں میں ہونا چاہیے۔ اگر مسلمانوں میں اپنے گھر کی اصلاح کا خاطر خواہ جذبہ،اس کی سچی لگن اور اس کی حقیقی تڑپ پیدا ہوجائے تو یقین کیجئے کہ آدھی سے زائد قوم خودبخود سدھر سکتی ہے۔اگر کوئی دیندار شخص یہ سمجھتا ہے کہ میری اولاد خدا بیزاری کی جس راہ پر چل رہی ہے حقیقت میں اس کے لئے وہی راہ راست ہے اورہم نے اپنے گرد مذہب و اخلاق کے بندھن باندھ کر غلطی کی تھی تو ایسے ’’ دیندار‘‘ کے حق میں تو دنیاو آخرت دونوں کے خسارے پر ماتم کرنے کے سوا اور کیا کیا جاسکتا ہے ؟
لیکن اگر آپ ایمان رکھتے ہیں کہ آپ کادین دینِ برحق ہے تو اپنی اولاد کوضروری دینی تعلیم دلوائیے ۔ اس کی شروع ہی سے ایسی تربیت کیجئے کہ اس میں نیکیوں کا شوق اور گناہوں سے نفرت پیدا ہو۔اسکی صحبت اور اسکا ماحول درست رکھنے کا اہتمام کیجئے۔
اپنے گھروں کوتلاوت قرآن اور اسلاف اُمت کے تذکروں سے آباد کیجئے۔ گھر میں کوئی ایسا وقت نکالیے جس میں سارے گھر والے اجتماعی طور پر دینی کتب کا مطالعہ کریں۔ اپنے ذاتی عمل کو ایسا دلکش بنایئے کہ اولاد اس کی تقلید کرنے میں فخر محسوس کرے۔ اپنے اہل وعیال اور اقارب و احباب کے حق میں اللہ تعالیٰ سے دعائیں کیجئے کہ اللہ تعالیٰ انہیں صراط مستقیم پر گامزن ہونے اور رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://kitabfarosh.com/category/kitabfarsoh-blogs/mufti-taqi-usmani-words/

Written by Huzaifa Ishaq

You May Also Like…

رمضان المبارک کے مقاصد

رمضان المبارک کے مقاصدتقویٰ کا حصول:۔مغفرت کا حصول:۔قرآن سے ہدایت حاصل کرنا:۔شبِ قدر کا قیام:۔بصیرت کے ساتھ روزہ...

رمضان میں عبادت

رمضان میں عبادتعبادت کی وسعت اور جامعیت:۔عبادت میں سنت کے مطابق ہونا ضروری ہے:۔عبادت میں مقدار اور معیار کی اہمیت:۔...

Subscribe To Our Newsletter

Subscribe To Our Newsletter

Join our mailing list to receive the latest news and updates from our team.

You have Successfully Subscribed!

Pin It on Pinterest

Share This

Share This

Share this post with your friends!

Share This

Share this post with your friends!