پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کون ہیں
آج 14 دسمبر کی صبح تقریباً گیارہ بجے جب یہ خبر پہنچی کہ حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی دامت برکاتہم العالیہ اس دارِ فانی سے رخصت ہو گئے ہیں، تو دل پر ایک عجیب بوجھ سا آن پڑا۔ یہ صرف ایک فرد کی وفات کی خبر نہ تھی، بلکہ یوں محسوس ہوا جیسے روحانی دنیا کا ایک بہت بڑا مضبوط ستون گرگیا ہو۔ اگرچہ مجھ جیسے بے شمار لوگوں کو ان سے بالمشافہ زیادہ ملاقاتوں کا شرف حاصل نہ تھا، مگر یہ حقیقت اپنی جگہ اٹل ہے کہ ایسے اکابر اولیاء کا صرف وجود بھی امت کے لیے نعمتِ عظمیٰ ہوتا ہے۔ بسا اوقات ہم ظاہری فائدے کو ہی فائدہ سمجھ بیٹھتے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اللہ کے نیک بندوں کی وجہ سے زمین پر بے شمار رحمتیں نازل ہوتی ہیں، آزمائشیں ٹلتی ہیں اور دلوں کو سکون میسر آتا ہے۔
Table of Contents
پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کون ہیں؟ یہ سوال آج سوشل میڈیا، گوگل اور یوٹیوب پر بار بار پوچھا جا رہا ہے، اور اس کی وجہ یہی ہے کہ ان کی شخصیت محض ایک عالم یا تصوف تک محدود نہ تھی، بلکہ وہ سلسلہ نقشبندیہ کے ایک جید شیخ، روحانی مربی اور اصلاحِ نفس کے ایک مضبوط حوالہ تھے۔ ان کی پوری زندگی روحانی اصلاح، تصوف، ذکرِ الٰہی، اتباعِ سنت اور شریعت کی پاسداری کے گرد گھومتی رہی۔ ان کے بیانات ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں دلوں کو غفلت سے بیدار کرنے کا ذریعہ بنے۔ آج بھی یوٹیوب پر پیر ذوالفقار احمد نقشبندی بیانات تلاش کیے جائیں تو اصلاحِ قلب، توبہ، نماز کی پابندی، حرام سے بچنے اور اللہ سے تعلق مضبوط کرنے کی تلقین نمایاں نظر آتی ہے۔
حضرت کی سب سے بڑی خصوصیت یہ تھی کہ بہت سنجیدہ ، باوقار اور مسلسل محنت سے انسانوں کی اصلاح کا کام کر رہے تھے۔ ان کی خانقاہ، ان کا مدرسہ، ان کے خلفائے کرام اور ان کا اصلاحی لٹریچر سب مل کر ایک ایسا دینی ماحول بناتے ہیں جو آنے والے برسوں تک ان شاء اللہ قائم رہے گا۔ یہی وہ حقیقت ہے جسے صدقۂ جاریہ کہا جاتا ہے۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ حضرت کے لیے آخرت میں ایک نہیں بلکہ بے شمار “اکاؤنٹس” کھلے ہوئے تھے، جن میں ہر اصلاح یافتہ دل، ہر تائب انسان اور ہر نمازی نوجوان ایک مستقل نیکی بن کر شامل ہوتا رہے گا۔ان کی وفات بلاشبہ ایک بہت بڑا خلا ہے۔اللہ تعالیٰ حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ پر اپنی بے پایاں رحمتیں نازل فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، اور ان کی برکتوں سے ہم سب کو بھی حصہ عطا فرمائے۔ آمین۔
کسی بھی بزرگ کی وفات پر خود سے ایک سوال ضرور پوچھیں: ہم ان بزرگوں کی زندگی سے کیا سیکھ کر اپنی عملی زندگی میں لا سکتے ہیں؟
فقرِ اختیاری حضرت کا باکمال وصف تھا
حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی دامت برکاتہم العالیہ کی شخصیت اگرچہ بیک وقت بے شمار اوصاف اور کمالات کی جامع تھی، مگر ان تمام صفات میں جو وصف سب سے زیادہ نمایاں ہو کر سامنے آتا ہے وہ ہے فقرِ اختیاری۔ یہ ایسا مقام ہے جو ہر ایک کے حصے میں نہیں آتا، بلکہ جسے اللہ تعالیٰ خاص طور پر چن لیتے ہیں۔ عام طور پر لوگ فقر کو صرف تنگ دستی، محرومی یا مجبوری کے معنی میں لیتے ہیں، حالانکہ تصوف اور روحانیت کی زبان میں فقر کی کئی اقسام ہیں۔ ایک فقر وہ ہوتا ہے جو منجانب اللہ عطا ہوتا ہے، یعنی انسان کے حالات کبھی ایسے بنے ہی نہیں کہ وہ دنیاوی نعمتوں، آسائشوں اور سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکے۔ یہ فقر بھی اللہ کا بہت بڑا احسان ہے، کیونکہ اس میں بندہ دنیا کی آزمائشوں سے کسی حد تک محفوظ رہتا ہے۔ لیکن حضرت کی زندگی کا اصل کمال کچھ اور تھا۔
فقرِ اختیاری وہ بلند درجہ ہے جس میں کسی انسان کے پاس دنیا کے دروازے کھلے ہوں، رزق، ملازمت، عزت اور سہولتیں موجود ہوں، مگر وہ سب کچھ اپنے اختیار سے چھوڑ کر اللہ کے دین کی خدمت کو اپنا مقصدِ حیات بنا لے۔ یہی وہ فقر ہے جس کی مشابہت ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ میں ملتی ہے، کہ آپ ﷺ کے پاس اگر چاہیں تو دنیا کے خزانے آ سکتے تھے، مگر آپ ﷺ نے فقر، سادگی اور عبدیت کو اختیار فرمایا۔ میرے علم اور مشاہدے کے مطابق پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کو یہی فقرِ اختیاری نصیب ہوا تھا، اور یہی ان کی روحانی عظمت و قبولیت اور شہرت کی بنیاد بنا۔
حضرت نے تقریباً چالیس سال کی عمر میں ایک ایسا فیصلہ کیا جو ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ دنیاوی ملازمت، کیریئر، مستقبل کی سکیورٹی اور ظاہری سہولتوں کو چھوڑ کر انہوں نے خود کو مکمل طور پر تصوف، روحانی اصلاح اور دین کی خدمت کے لیے وقف کر دیا۔ یہ فیصلہ کسی وقتی جوش یا جذباتی کیفیت کا نتیجہ نہیں تھا، بلکہ ایک دانستہ قربانی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ بعد کے برسوں میں ان کی زندگی لاکھوں انسانوں کے لیے ہدایت، اصلاح اور رجوع الی اللہ کا ذریعہ بن گئی۔ آج جب لوگ سرچ کرتے ہیں “پیر ذوالفقار احمد نقشبندی بیانات” یا “پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کون ہیں” تو دراصل وہ اسی فقرِ اختیاری کے اثرات کو جاننا چاہتے ہیں، جس نے ایک فرد کو پوری امت کے لیے رحمت بنا دیا۔فقرِ اختیاری کا سب سے بڑا ثمر یہ ہوتا ہے کہ انسان کا دل دنیا سے خالی اور اللہ سے بھر جاتا ہے۔ حضرت کی خانقاہ، ان کی مجالس، ان کے خلفائے کرام اور ان کی اصلاحی کاوشیں اسی حقیقت کی گواہ ہیں۔ لاکھوں سالکین کا ان سے جُڑ جانا محض اتفاق نہیں، بلکہ اس اخلاص کا نتیجہ تھا جو دنیا چھوڑ کر دین کو اپنانے سے پیدا ہوتا ہے۔
قریب سے ملاقات کا ایک یادگار واقعہ
حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی دامت برکاتہم العالیہ سے میری ملاقاتیں محض رسمی یا دور سے دیکھ لینے تک محدود نہیں رہیں، بلکہ اللہ کے فضل سے کئی مرتبہ بالمشافہ حاضری کا موقع ملا۔ خاص طور پر جب بھی حضرت ملتان میں بیان کے لیے تشریف لاتے، میں حتی المقدور شریک ہوا کرتا تھا۔ ملتان کی طارق آباد والی مسجد ہو یا ویلکان فیکٹری کے اجتماعات، حضرت کے بیانات میں ایک عجیب کشش ہوا کرتی تھی۔
ایک مرتبہ حضرت ہمارے ہاں بالخصوص تشریف لائے۔ ایسی روحانی شخصیات کو قریب سے دیکھنے پر انسان پر کئی پردے اٹھتے ہیں۔ کتابوں میں تصوف پڑھنا ایک بات ہے، اور کسی ولیِ کامل کی زندگی کو قریب سے دیکھنا بالکل دوسری بات۔ میرے لیے سب سے زیادہ حیران کن اور سبق آموز بات ہمیشہ یہی رہی کہ یہ لوگ جتنے باہر سے نعمتوں میں ڈھکے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، اندر سے اور حقیقت میں اتنے ہی سادہ، بردبار اور مستغنی ہوتے ہیں۔ عام آدمی کے ذہن میں یہ تصور بن جاتا ہے کہ جن لوگوں کے گرد عقیدت مندوں کا ہجوم ہو، جو ہزاروں لوگوں کی اصلاح کر رہے ہوں، ان کے مزاج میں سختی یا رعب ہوگا۔ لیکن حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ اس تصور کی مکمل نفی تھے۔
حضرت کا مزاج بے حد سادہ تھا۔ گفتگو میں کوئی بناوٹ، لہجے میں کوئی تصنع اور انداز میں کوئی دکھاوا نظر نہیں آتا تھا۔ یہی وہ سادگی تھی جو دلوں کو فتح کر لیتی تھی۔ ان کے سامنے بیٹھ کر یوں محسوس ہوتا تھا جیسے کوئی دنیا سے بے نیاز انسان، محض اللہ کے ساتھ جُڑا ہوا، بندوں کو بھی اللہ کی طرف بلانے میں مصروف ہے۔ یہی وہ کیفیت ہے جسے تصوف کی زبان میں استغناء کہا جاتا ہے — یعنی دل کا مخلوق سے خالی اور خالق سے بھر جانا۔ یہ تجربات آج یاد بن کر نہیں، بلکہ ایک امانت بن کر دل میں موجود ہیں۔ ایسی شخصیات کے ساتھ گزارا ہوا وقت انسان کو یہ سکھاتا ہے کہ دین کا اصل حسن نمود و نمائش میں نہیں، بلکہ خاموش عمل، سادہ مزاج اور خالص نیت میں پوشیدہ ہے۔یہی وجہ ہے کہ جب لوگ آج سرچ کرتے ہیں “پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کون ہیں” یا “پیر ذوالفقار احمد نقشبندی بیانات” تو دراصل وہ اسی باطنی سچائی کی تلاش میں ہوتے ہیں جو حضرت کی شخصیت کا اصل جوہر تھی۔
ایک یادگار واقعہ جو دل پر نقش ہے
حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی دامت برکاتہم العالیہ سے ملاقات کے بعد پیش آنے والا یہ واقعہ میرے دل پر ہمیشہ کے لیے نقش ہو گیا، کیونکہ اس میں بزرگوں کی دعا، روحانی نسبت اور اللہ تعالیٰ کی رحمت سب ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔ ایک مرتبہ حضرت سے ملاقات ہوئی اور ملاقات کے بعد جب میں نے حضرت کے ایک مرید کو بتایا کہ میرے حضرت سید قمرالدین شاہ صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ شدید علیل ہیں، اور یہ بھی کہ وہ مولانا خیر محمد صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ کے خلیفہ ہیں تو اُنکے لئے دعا کروادیجئے گا۔مگر جیسے اکثر ہوتا ہے، ایسی عظیم ہستی کے سامنے بات کرنے کا خیال ہی دل میں ہچکچاہٹ پیدا کر دیتا ہے۔ اسی کیفیت میں تھا کہ اس مرید نے کہا: آپ خود ہی حضرت سے عرض کر دیں۔
دل تو چاہا کہ خاموش ہی رہوں، مگر بالآخر ہمت کر کے حضرت کے پاس جا کر کھڑا ہو گیا۔ ابھی میں کچھ کہہ بھی نہ سکا تھا کہ اسی مرید نے پورا معاملہ حضرت کے سامنے رکھ دیا اور خیرخواہی کے جذبے سے سفارش بھی کی کہ حضرت ان کے دل پر انگلی رکھ دیں۔ یہ منظر آج بھی آنکھوں کے سامنے تازہ ہے: حضرت نے اپنے مخصوص، باوقار اور پُرسکون انداز میں لفظِ جلالہ کے ذکر کے ساتھ انگلی رکھی اور دعا کے لیے ہلکا سا سر ہلا دیا۔ نہ کوئی لمبی بات، نہ کوئی رسمی انداز — بس ایک خاموش دعا۔
اگلے ہی دن اس مرید کا فون آیا کہ حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ آپ کے پیر صاحب سے ملنا اور عیادت کرنا چاہتے ہیں۔ یہ خبر سن کر دل شکر سے بھر گیا۔ بحمداللہ تعالیٰ حضرت خیر المدارس تشریف لائے، حجرے میں داخل ہوئے، اور میرے حضرت کے پاس بیٹھ کر دعا فرمائی۔ اس لمحے کی کیفیت کو لفظوں میں بیان کرنا آسان نہیں۔ میرے پیر صاحب اس وقت بیانوے برس کی عمر میں تھے، کافی عرصے سے علیل تھے، اور اٹھ کر بیٹھنے کی بھی سکت نہ رکھتے تھے۔ میں نے ان کے اشارے پر چند کھجوریں مہمانوں کے سامنے پیش کیں۔حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ دعا کرکے تشریف لے گئے، اور پھر جو ہوا وہ اللہ تعالیٰ کی نرمی اور آسانی کا واضح مظہر تھا۔ اُسی دن گزرنے کے بعد، رات کے وقت تہجد کے دوران میرے پیر صاحب کا انتقال ہو گیا۔ اُنکی تکلیف اور مرض کا مرحلہ ختم ہوگیا۔یوں محسوس ہوا جیسے اللہ تعالیٰ نے اپنے نیک بندے کے لیے دنیا کے دروازے بند کر کے آخرت کے دروازے نرمی سے کھول دیے ہوں۔
یہ واقعہ میرے لیے محض ایک یاد نہیں، بلکہ ایک یقین ہے — اس بات کا یقین کہ اللہ کے مقبول بندوں کی دعا میں اثر ہوتا ہے، اور پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ جیسی ہستیاں محض بیانات یا مجالس تک محدود نہیں ہوتیں، بلکہ ان کی خاموش دعائیں بھی تقدیروں کا رخ بدل دیتی ہیں۔ آج جب لوگ تلاش کرتے ہیں “پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کون ہیں” یا “پیر ذوالفقار احمد نقشبندی بیانات” تو شاید وہ اسی نورانی تاثیر کو پانا چاہتے ہیں، جو الفاظ سے زیادہ عمل اور حال میں جھلکتی ہے۔
خلفائے کرام پر رنگ چڑھا ہوا ہے
حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی دامت برکاتہم العالیہ کا یہ احسانِ عظیم مجھ پر ہمیشہ رہے گا کہ ان کی دعا کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے آسانی فرمادی۔ بعض احسان ایسے ہوتے ہیں جو زبان سے ادا نہیں ہو پاتے، بس دل میں شکر کی صورت زندہ رہتے ہیں۔ میں اس واقعے کو محض ایک ذاتی تجربہ نہیں سمجھتا، بلکہ اسے اس حقیقت کی علامت مانتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اپنے مقبول بندوں کی دعاؤں کو وسیلہ بنا کر بندوں کے لیے آسانیاں پیدا فرماتا ہے۔ اسی لیے جب پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کون ہیں جیسے سوالات آج لوگوں کے ذہن میں آتے ہیں، تو ان کا جواب صرف تعارف یا سوانح نہیں بلکہ یہی عملی مثالیں ہیں جو خود بولتی ہیں۔
حضرت سے منسوب کرامات کا تذکرہ صرف ایک فرد یا ایک واقعے تک محدود نہیں۔ بہت سے لوگوں نے مختلف مواقع پر یہ مشاہدہ کیا کہ حضرت کی دعا، توجہ یا خاموش نظر نے دلوں کے بوجھ ہلکے کر دیے، فیصلے آسان ہو گئے اور زندگی کے مشکل ترین کام بھی آسان ہوتے چلے گئے ۔ مگر یہاں ایک بات سمجھنے کی ہے کہ اصل کرامت محض غیر معمولی واقعات نہیں ہوتے، بلکہ سب سے بڑی کرامت یہ ہے کہ انسان اللہ سے جُڑ جائے، اور حضرت کی پوری زندگی اسی مقصد کے گرد گھومتی رہی۔ ان کے بیانات ہوں یا ان کی خانقاہی نسبت، ہر جگہ اصلاحِ نفس اور اللہ سے تعلق مضبوط کرنے پر زور نظر آتا ہے۔
ایک اور بہت بڑی نعمت اور کرامت یہ بھی ہوتی ہے کہ خلفائے کرام اپنے مرشد کے مشن کو دیانت اور اخلاص کے ساتھ آگے بڑھائیں۔ میں نے جب حضرت کے خلیفہ حافظ ابراہیم نقشبندی صاحب دامت برکاتہم العالیہ سے ملاقات کی تو یہ بات دل پر نقش ہو گئی کہ وہ محض نام کے خلیفہ نہیں، بلکہ واقعی حضرت کے مشن پر چلتے ہوئے نظر آئے۔ ان کی گفتگو، ان کا انداز، ان کی فکر اور ان کا درد — سب میں حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کی جھلک صاف دکھائی دیتی تھی۔ یوں محسوس ہوا جیسے حضرت کا رنگ ان پر چڑھ چکا ہو، اور یہی منظر میرے لیے ایک بہت بڑی دلیل بن گیا۔درحقیقت، کسی بزرگ کے کامل ہونے کی ایک اہم علامت یہ بھی ہوتی ہے کہ اس کے تربیت یافتہ افراد کو دیکھ لیا جائے۔ اگر شاگردوں اور خلفاء میں وہی فکر، وہی دردِ امت، وہی اخلاص اور وہی سادگی نظر آئے، تو سمجھ لیجیے کہ وہ بزرگ دلوں تک فیض پہنچانے میں واقعی سخی ہیں۔ حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کے خلفاء میں یہی چیز نمایاں نظر آتی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حضرت کا کام محض وقتی اثرات تک محدود نہیں بلکہ سالہا سال اور صدیوں تک جاری رہنے والا ایک مستقل نظام ہے۔
عظیم قیمتی دینی وروحانی سرمایہ
حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی دامت برکاتہم العالیہ کے مفصل حالات یقیناً وقت کے ساتھ مرتب ہو کر شائع ہوں گے، اور وہ ایک قیمتی دینی و روحانی سرمایہ ہوں گے۔ مگر میں نے جو چند باتیں یہاں قلم بند کی ہیں، وہ سوانح نگاری کی نیت سے نہیں بلکہ یاددہانی کے جذبے سے لکھی ہیں، تاکہ حضرت کی وہ جھلکیاں جو دل پر نقش ہو چکی ہیں، وقت کی گرد میں دھندلا نہ جائیں۔ بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کے بارے میں بہت کچھ لکھا جا سکتا ہے، مگر اصل اثر وہ ہوتا ہے جو آنکھ دیکھتی ہے، دل محسوس کرتا ہے اور روح اپنے اندر محفوظ کر لیتی ہے۔ حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ بھی انہی ہستیوں میں سے تھے۔
حضرت کے چہرے پر میں نے ہمیشہ فکر کے آثار دیکھے۔ یہ فکر دنیاوی منصوبوں یا ذاتی معاملات کی نہیں تھی، بلکہ صاف محسوس ہوتا تھا کہ یہ امت کا غم ہے جو ان کے چہرے پر سایہ کیے رہتا ہے۔ کئی بار میں نے خود سے یہ سوچا کہ شاید اسی مسلسل غم اور درد کی کیفیت نے حضرت کو نڈھال اور متاثر رکھا۔ یہ وہ بوجھ ہوتا ہے جو اللہ اپنے خاص بندوں کے دل پر رکھ دیتا ہے — کہ وہ اپنے آرام سے زیادہ امت کی اصلاح، گمراہی سے بچاؤ اور آخرت کی فکر میں جیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پیر ذوالفقار احمد نقشبندی بیانات سننے والا اکثر صرف باتیں نہیں سنتا، بلکہ ایک درد محسوس کرتا ہے جو دل کو بے چین کر دیتا ہے۔
حضرت کی شخصیت کا ایک اور نمایاں پہلو ان کی عاجزی اور تواضع تھی۔ وہ جتنے بڑے شیخ، مربی اور لاکھوں لوگوں کے مرجع تھے، اتنے ہی منکسر المزاج بھی تھے۔ ایک واقعہ جو میرے دل میں ہمیشہ کے لیے نقش ہو گیا، وہ ان کا ایک لائیو بیان ہے جس میں انہوں نے نہایت روتے ہوئے لہجے میں فرمایا کہ:۔
۔“اگر کسی بندے کو اس عاجز سے کبھی کوئی تکلیف پہنچی ہو تو اللہ کی رضا کے لیے مجھے معاف کر دے۔”۔
ذرا سوچیے — ستر سال کے قریب عمر، ہزاروں مریدین، لاکھوں متعلقین، اور اس کے باوجود علی الاعلان معافی مانگنا۔ وہ بھی کسی الزام کے جواب میں نہیں، بلکہ محض اللہ کی رضا اور آخرت کی فکر میں۔ تاریخِ تصوف میں ایسی مثالیں بہت کم ملتی ہیں۔

حضرت کا فیضان جاری رہےگا
حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی دامت برکاتہم العالیہ کا فیض محض ان کی حیاتِ ظاہری تک محدود نہیں تھا، اور نہ ہی ان کے وصال کے ساتھ ختم ہو جانے والا ہے۔ ایسے بزرگوں کا فیضان دراصل نسلوں، صدیوں اور زمانوں پر محیط ہوتا ہے۔ حضرت کے بعد یہ فیض مختلف صورتوں میں جاری و ساری رہے گا: ان کے خلفائے کرام کے ذریعے، ان کے شاگردانِ رشید کے ذریعے، ان کی قائم کردہ خانقاہی و اصلاحی روایت کے ذریعے، اور بالخصوص ان کی تحریروں اور کتابوں کے ذریعے۔ تاریخ گواہ ہے کہ بہت سے اکابر کا اصل فیض ان کے بعد ان کی کتب کے ذریعے عام ہوا، اور حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ بھی انہی خوش نصیب ہستیوں میں شامل ہیں۔
حضرت کی تحریریں محض علمی مباحث نہیں، بلکہ دل کو چھونے والی اصلاحی باتیں ہیں۔ ان کی کتابوں میں تصوف کو کسی خیالی یا مجرد نظریے کے طور پر نہیں پیش کیا گیا، بلکہ روزمرہ زندگی سے جُڑا ہوا، شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے قابلِ عمل تصوف سامنے آتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی جب لوگ پیر ذوالفقار احمد نقشبندی بیانات کے ساتھ ساتھ ان کی کتابیں تلاش کرتے ہیں، تو انہیں ان تحریروں میں وہی درد، وہی فکرِ آخرت اور وہی امت کا غم محسوس ہوتا ہے جو حضرت کے چہرے اور لہجے سے جھلکتا تھا۔
حضرت کی کتابوں میں ایک نہایت مشہور اور مؤثر کتاب “دلکش واقعات” ہے، جو واقعی اپنے نام کی طرح دل کو کھینچ لینے والی ہے۔ یہ کتاب ادارہ تالیفات اشرفیہ نے شائع کی ہے ۔ اسی طرح مکتبۃ الفقیر کے تحت شائع ہونے والی حضرت کی متعدد کتابیں بھی ایک مکمل اصلاحی نصاب کی حیثیت رکھتی ہیں، جن میں اخلاق، نفس کی اصلاح، جدید دور کے تصوفی مسائل، اور احکام و معارف کو نہایت آسان اور قابلِ فہم انداز میں بیان کیا گیا ہے۔
یہ کتابیں دراصل حضرت کے فیضان کو عام کرنے کا سب سے محفوظ اور مؤثر ذریعہ ہیں۔ مجلس ختم ہو جاتی ہے، آواز خاموش ہو جاتی ہے، مگر کتاب ہاتھ میں آ جائے تو فیض کا دروازہ دوبارہ کھل جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت کے چاہنے والوں اور نسبت رکھنے والوں کے لیے یہ ایک عملی ذمہ داری بھی بنتی ہے کہ وہ ان کتابوں کو خود پڑھیں، دوسروں تک پہنچائیں، اور زیادہ سے زیادہ شیئر کریں۔ یہ محض مطالعہ نہیں، بلکہ ایک صدقۂ جاریہ میں حصہ بننے کا موقع ہے۔آج کے دور میں، جہاں تصوف کے نام پر ابہام اور افراط و تفریط پھیل رہی ہے، حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کی کتابیں ایک میزان کی حیثیت رکھتی ہیں۔ یہ کتب واضح کرتی ہیں کہ تصوف نہ شریعت سے الگ ہے، نہ زندگی سے الگ کوئی چیز ۔بلکہ یہ دل کی اصلاح اور عمل کی درستگی کا نام ہے۔

معھدُ الفقیر چینل — ایک ایسی آوازجو دنیا بھر میں گونجتی رہے گی
حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی رحمہ اللہ تعالیٰ نے جہاں اپنی پوری زندگی اصلاحِ امت، تصوفِ سلیم اور شریعت کے ساتھ جُڑی روحانیت کے فروغ میں صرف فرمائی، وہیں دورِ حاضر کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے ایک نہایت اہم اور دور رس خدمت بھی انجام دی، اور وہ ہے معھدُ الفقیر کے نام سے باقاعدہ یوٹیوب چینل کا قیام۔ یہ محض ایک سوشل میڈیا چینل نہیں تھا، بلکہ درحقیقت ایک ایسا ڈیجیٹل خانقاہی نظام تھااور اب بھی ہے جس کے ذریعے دنیا کے کونے کونے میں بسنے والے لوگ حضرت کے فیض سے مستفیض ہو رہے تھے۔ آج بھی یہ چینل اس بات کا زندہ ثبوت ہے کہ حضرت کا پیغام زمان و مکان کی قید سے آزاد تھا۔
میں خود بھی ان خوش نصیب لوگوں میں شامل رہا ہوں جو ہر جمعہ کا بیان اور دیگر اصلاحی مجالس اسی چینل پر لائیو دیکھتے اور سنتے تھے۔ یہ بیانات محض سننے کی حد تک نہیں ہوتے تھے، بلکہ دل پر اثر کرتے، فکر کو جھنجھوڑتے اور انسان کو اپنی اصلاح کی طرف مائل کرتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ پیر ذوالفقار احمد نقشبندی بیانات آج بھی یوٹیوب پر سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے موضوعات میں شامل ہیں۔ حضرت کا اندازِ بیان وقتی جوش پر نہیں ہوتا تھا بلکہ ایک بہت سنجیدہ، باوقار، درد بھرا اور فکری ہوتا تھا۔ فکرِ آخرت اور امت کا غم ان کے الفاظ میں صاف محسوس ہوتا تھا۔
معھد الفقیر چینل کی سب سے بڑی خصوصیت یہ تھی کہ اس نے حضرت کی آواز کو صرف محدود مجالس تک قید نہیں رہنے دیا۔ یورپ، امریکہ، مشرقِ وسطیٰ، افریقہ اور برصغیر — ہر جگہ ایسے لوگ ہیں جو نہ کبھی حضرت کی خانقاہ جا سکے، نہ بالمشافہ ملاقات کا موقع ملا، مگر اس چینل کے ذریعے انہوں نے پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کون ہیں کا عملی جواب پایا۔ ان ویڈیوز کے ذریعے اصلاح افروز واقعات، نفس کی بیماریوں کا علاج، جدید دور کے تصوفی مسائل اور شریعت کے تقاضے نہایت سادہ اور قابلِ فہم انداز میں عوام الناس تک پہنچتے رہے۔
یہ بات پورے یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ اس چینل پر موجود ہر ویڈیو حضرت کے لیے صدقۂ جاریہ ہے۔ مجالس ختم ہو جاتی ہیں، آواز خاموش ہو جاتی ہے، مگر ریکارڈ شدہ نصیحتیں نسل در نسل فائدہ پہنچاتی رہتی ہیں۔ آج بھی کوئی نوجوان، کوئی پریشان دل، کوئی گناہوں سے تنگ آیا ہوا شخص جب ان ویڈیوز کو سنتا ہے، تو اسے راستہ ملتا ہے، امید ملتی ہے، اور اصلاح کا دروازہ کھلتا ہے۔ یہی وہ چیز ہے جو حضرت کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بناتی ہے۔
حضرت کی وفات کے بعد یہ چینل مزید ایک امانت بن گیا ہے — ہم سب کے لیے۔ اسے سبسکرائب کرنا، ویڈیوز دیکھنا، اور دوسروں تک پہنچانا دراصل حضرت کے مشن کو آگے بڑھانے میں عملی حصہ ڈالنا ہے۔

