اہل مدارس کی ذمہ داریاں
شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ کے خطاب سے اقتباس
اس وقت مسلمان دشمن طاقتیں جہاں مسلمانوں کے پیچھے لگی ہوئی ہیں‘ وہاں ان کا سب سے بڑا نشانہ دینی مدارس کے اہل علم ہیں‘ سب سے بڑا ہدف دینی مدارس ہیں جن کے بارے میں یہ لوگ یہ راز پاچکے ہیں کہ اگر اسلام کا بیج مسلمانوں کے دلوں سے نکالنا ہے تو ان ’’ملائوں‘‘ کو ختم کرو۔
یہ ’’ملا‘‘ ہی ہیں جو پیٹ پر پتھر باندھ کر‘ راتوں کو جاگ کر اللہ کا کلمہ مسلمانوں تک پہنچاتے ہیں۔ مدارس کے یہ بوریہ نشین ’’ملا‘‘ ہی ہیں جو دنیا کی زیب وزینت اور آرائش ونمائش سے مستغنی ہوکر اپنے دین کی آبیاری کررہے ہیں۔
یہ حقیقت ہمارے دشمنوں نے پہچان لی ہے اس لئے وہ مدارس اور اہل علم کے پیچھے لگے ہوئے ہیں‘ لیکن مجھے اس بات کا پورا یقین ہے کہ ان شاء اللہ یہ سازش کامیاب نہیں ہوسکتی اور نہ ہوگی لیکن ایک خطرہ ہے اور وہ یہ ہے کہ اگر ہمارے اندر خرابی پیدا ہوگئی اور ہم نے اپنے آپ کو خراب کرلیا‘ ہم نے حامل دین ہونے کے باوجود دین کے بنیادی احکام کو فراموش کردیا۔
اور ہم حب جاہ وحب مال کے جال میں پھنس کر اپنے اصل مقاصد سے ہاتھ دھو بیٹھے تو پھر دشمن کو کھلا میدان مل جائے گا اور اللہ کی نصرت ہم سے ہٹ جائے گی۔ لہٰذا خطرہ دشمن سے نہیں‘ خطرہ ہمیں اپنے آپ سے ہے۔
اللہ ہمیں صراط مستقیم پر رکھے اور ہمارے اندر اخلاص پیدا فرمائے ہم جن علماء کے نام لیوا ہیں جس طرح انہوں نے اخلاص وللہیت کے ساتھ خدمت دین انجام دی تھی جب تک ہم بھی اسی طرح عمل کریں گے تو کوئی ہمارا بال بیکا نہیں کرسکتا‘ لیکن اللہ نہ کرے کہ جس اخلاص سے انہوں نے کام کیا اگر ہم اس راستے سے ہٹ گئے تو اللہ کی مدد سے محروم ہوجائیں گے۔
ہمارے بزرگوں کا طریقہ تقویٰ اور للہیت کا رہا ہے اور مدرسے کی ایک ایک پائی کا خیال رہا کہ کہیں مدرسہ کا مال ہمارے ذاتی استعمال میں نہ آئے اور وہ اس سے پوری طرح پرہیز فرماتے تھے۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے ملفوظات اور تعلیمات پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں:۔
https://kitabfarosh.com/category/kitabfarsoh-blogs/mufti-taqi-usmani-words/
Featured products
بوادر النوادر (3 جلد)۔
₨ 3190.00درس قرآن ڈیلکس ایڈیشن
₨ 8290.00