پنجاب میں ٹریفک کی ظالمانہ سختی پر نظر ثانی کی ضرورت ہے

پنجاب میں ٹریفک کی ظالمانہ سختی پر نظر ثانی کی ضرورت ہے

پنجاب حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کو لازمی بنانے سے متعلق نیا اور سخت ترین بل گزشتہ چند دنوں میں توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس قانون کے مطابق اب اگر کوئی شخص بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلاتا ہے تو صرف چالان پر بات ختم نہیں ہوگی بلکہ اس کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی اور اسے جیل تک جانا پڑ سکتا ہے۔ یہی نہیں، بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے یا رانگ سائیڈ پر سفر کرنے والے افراد کو بھی اسی طرح کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ فیصلہ بظاہر تو عوام کی حفاظت کے لیے ہے مگر جیسے ہی اس کا نفاذ شروع ہوا، پورے پنجاب میں ایک نئی بحث چھڑ گئی، جس نے ماحول کو خاصا گرم کر دیا۔ خاص طور پر ملتان شہر میں اس قانون کے نفاذ کے بعد جو مناظر دیکھنے میں آئے، وہ سوشل میڈیا سے لے کر مارکیٹوں تک ہر جگہ زیرِ بحث ہیں، اور لوگ حیرت، پریشانی اور غصے کے مخلوط جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔

گزشتہ کچھ دنوں میں اس موضوع پر اتنی شدت سے گفتگو ہوئی کہ یوں لگتا تھا جیسے پورا شہر اسی ایک مسئلے میں الجھ گیا ہو۔ کئی شہری ہکا بکا رہ گئے جب انہیں معمول کے چالان کے بجائے ایف آئی آر اور گرفتاری جیسے غیر متوقع نتائج کا سامنا کرنا پڑا۔ سڑکوں پر پولیس کی بھاری نفری، جگہ جگہ ناکے، اور اچانک پکڑ دھکڑ نے لوگوں میں واضح بےچینی پیدا کر دی۔ وہ نوجوان جو اکثر دفتر یا یونیورسٹی جلدی پہنچنے کے لیے بغیر ہیلمٹ نکل جاتے تھے، اب سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی ویڈیوز دیکھ کر سوچ میں پڑ گئے ہیں کہ کہیں کوئی معمولی غلطی انہیں سیدھا حوالات نہ پہنچا دے۔ اسی دوران کچھ افراد نے اس قانون کو عوام کی حفاظت کے لیے بہترین قدم قرار دیا، اور دلیل دی کہ پنجاب میں روزانہ درجنوں حادثات صرف ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے جان لیوا ثابت ہوتے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ اس نئے قانون کے بعد لوگ ٹریفک قوانین کو زیادہ سنجیدگی سے لیں گے۔

ملتان میں تو صورتحال اس سے بھی زیادہ غیرمعمولی رہی۔ کچھ علاقوں میں پولیس کی کارروائی نے ایسا ماحول بنا دیا جیسے کوئی بڑی آپریشنل مہم جاری ہو۔ کئی موٹر سائیکل سواروں کو گاڑی روکنے کے لیے بھاگتے دیکھا گیا، کچھ نے سائیڈ راستوں سے فرار کی کوشش کی، تو کچھ لوگوں نے موقع پر ہی بازاروں سے سستے ہیلمٹ خریدنے شروع کر دیے۔ اس پورے معاملے نے شہری زندگی کو ایک دن کے لیے نہیں بلکہ ایک تسلسل کے ساتھ متاثر کیا ہے۔ لوگ یہ سوال پوچھنے لگے ہیں کہ کیا یہ سختی مستقل رہے گی؟ کیا جرمانے اور ایف آئی آر واقعی مسائل کا حل ہیں؟ یا پہلے عوام کو آگاہی اور سہولیات دینا زیادہ ضروری تھا؟

ٹریفک چالان کا ظلم2
ٹریفک چالان کا ظلم2
ای چالان کے نظام کی خرابیاں اور مظالم

پنجاب میں ٹریفک قوانین کی تازہ ترین سختی نے جہاں ایک طرف بحث چھیڑ دی ہے، وہیں ای-چالان کے پرانے تجربات نے عوام کی بے چینی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ لوگ ابھی تک اُن واقعات کو نہیں بھولے جن میں سسٹم کی غلطیوں نے شہریوں کو حیران اور بے بس کر دیا تھا۔ مثال کے طور پر ایک شخص جو موٹر سائیکل کو پیادہ لے کر جا رہا تھا، اس کے باوجود اسے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے کا چالان بھیج دیا گیا۔ اسی طرح کئی مرتبہ سوشل میڈیا پر ایسی مثالیں سامنے آئیں جن میں موٹر سائیکل سوار نے ہیلمٹ پہن رکھا ہوتا تھا مگر ای-چالان اس کے نام جاری کر دیا جاتا تھا۔ یہ وہ واقعات ہیں جنہوں نے عوام کے ذہنوں میں ایک سوال پیدا کر دیا کہ جب پرانا نظام درست کام نہیں کر رہا تھا تو اتنی سخت پابندیوں کو اس ناقص بنیاد پر کیوں کھڑا کیا گیا؟ یہی وہ خدشات ہیں جو آج دوبارہ شدّت سے سامنے آ رہے ہیں۔

ای-چالان کے سسٹم کی ان غلطیوں کا سب سے زیادہ نقصان ان لوگوں کو بھی ہوا جن کی موٹر سائیکل چوری ہو چکی تھی یا وہ اسے پہلے ہی بیچ چکے تھے۔ ایسے درجنوں واقعات دیکھنے کو ملے جن میں نئے مالک کی غلطیوں کی سزا پرانے مالک کو پہنچتی رہی۔ کچھ لوگوں نے تو یہ شکایت بھی کی کہ وہ بائیک کئی ماہ پہلے فروخت کر چکے تھے، مگر چالان اب تک ان کے نام پر آ رہے تھے۔ یہ ساری پیچیدگیاں اس طرف اشارہ کرتی ہیں کہ نظام میں بنیادی خامیاں موجود تھیں جنہیں پہلے بہتر بنانا چاہیے تھا۔ عوام کا مؤقف ہے کہ اگر ریاست نے شفافیت، درست ریکارڈ اپڈیٹ کرنے اور غلط چالان کو فوری طور پر درست کرنے کا سسٹم نہیں بنایا تو ایف آئی آرز اور گرفتاری جیسے سخت اقدامات کے بعد مسائل کئی گنا بڑھ سکتے ہیں۔ یہ سب چیزیں عوام کو بلاوجہ سزا دینے کے مترادف ہیں۔یہ حقیقت اپنی جگہ کہ ہر نئے نظام کے آغاز میں کچھ غلطیاں لازمی ہوتی ہیں، لیکن مسئلہ اس وقت بڑھ جاتا ہے جب ان غلطیوں کا حل پہلے سے موجود نہ ہو۔

محنت کش لوگوں پر ایک اور قیامت آن پڑی ہے

غریب اور محنت کش طبقے کے لیے ایسے حالات پیدا کر دیے گئے ہیں جن کا شاید قانون سازوں نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ چالان، ایف آئی آر اور جیل — یہ سب ایک ساتھ یکدم نافذ کر دینے سے کئی واقعات نے دل دہلا دیا ہے، جن میں سب سے زیادہ افسوسناک وہ کہانی ہے جو ایک عام محنت کش کی زندگی پر قیامت بن کر گزری۔ یہ مزدور روزانہ آٹھ سو روپے کماتا تھا، ہاتھ کی محنت سے، دھوپ میں جل کر، مزدوری اٹھا کر۔ لیکن جب پولیس اہلکار نے اسے روکا تو اسے دو ہزار روپے کا چالان تھما دیا گیا، ساتھ ہی ایف آئی آر بھی پکڑا دی گئی۔ اس کے چہرے پر خوف، حیرت، بے بسی سب کچھ ایک ساتھ تھا۔ وہ ہاتھ جو روزی کماتے تھے، اسی لمحے لرزنے لگے۔ اس نے نرم لہجے میں پولیس اہلکاروں سے کہا کہ “بھائی، میری روز کی کمائی صرف آٹھ سو ہے… اگر میں جیل چلا گیا تو بچوں کا پیٹ کون بھرے گا؟ گھر کیسے چلے گا؟ کون مجھے چھڑائے گا؟” مگر اس کی فریاد پر کسی دل میں رحم نہ جاگا۔ قوانین کے نفاذ کا بہانہ پولیس کے پاس موجود تھا۔

یہ واقعہ صرف ایک فرد کا نہیں، پورے نظام کی کمزوری اور پالیسی سازی کی جلد بازی کا عکاس ہے۔ جب اُس محنت کش کے ہاتھوں میں چالان اور ایف آئی آر تھمائی گئی، تو اس کا دل گواہی دے رہا تھا کہ وہ اس بوجھ کو نہیں اٹھا پائے گا۔ چند ہی لمحوں بعد جب صدمہ حد سے بڑھا، اُسکو ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ وہیں بے ہوش ہو کر گرپڑا۔ ایک عام شہری، جو کسی بڑے جرم میں نہیں بلکہ ایک حفاظتی احتیاط کی خلاف ورزی میں پکڑا گیا تھا، وہ بھی جان بوجھ کر نہیں بلکہ حالات کی مجبوری میں — وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ سوال یہ اٹھتا ہے کہ قوانین عوام کے تحفظ کے لیے ہوتے ہیں یا عوام کو خوفزدہ کرنے کے لیے؟ کیا اس طرح اچانک اور بے لچک سختیاں نافذ کی جاتی ہیں، جن کا خمیازہ سب سے پہلے وہ طبقہ بھگتے جو پہلے ہی دو وقت کی روٹی کے لیے جنگ لڑ رہا ہو؟

ٹریفک چالان کا ظلم233
ٹریفک چالان کا ظلم233

قانون سازی یقینا اہم ہوتی ہے، مگر اچانک ایسے اقدامات جن میں جرمانے، گرفتاری اور ایف آئی آر شامل ہوں، وہ سماج میں بے چینی پیدا کرتے ہیں۔ کسی بھی قانون کو نافذ کرنے سے پہلے عوام کی آمدنی، سہولیات کی دستیابی، سسٹم کی شفافیت، غلطیوں کے امکانات اور اصلاحی مواقع کو سامنے رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ لوگ سوال کرتے ہیں کہ کیا پہلے آگاہی، آسان اقساط، وارننگز، یا مرحلہ وار نفاذ کا طریقہ نہیں اپنایا جا سکتا تھا؟ کیوں ایک عام شہری کو یوں اچانک دیوار سے لگا دیا گیا؟

کالج یونیورسٹیز کے اسٹوڈنٹس بھی متاثر ہورہےہیں

طلبہ کی زندگی پر بھی اس کا اثر کہیں زیادہ سنگین ثابت ہو رہا ہے۔ جن نوجوانوں نے روزانہ کالج، یونیورسٹی یا اکیڈمی جانا ہوتا ہے، وہ اچانک اس غیر متوازن قانون کے سامنے بےبس ہو گئے۔ اگر کسی کے پاس لائسنس نہیں تھا یا کسی نے ہیلمٹ گھر رہ جانے کی غلطی کی، تو یقینی طور پر جرمانہ ایک سزا ہو سکتی تھی، گاڑی بند کی جا سکتی تھی، وارننگ دی جا سکتی تھی — لیکن کئی طلبہ کو ہفتے کے دن گرفتار کر کے جیل منتقل کر دینا، یہ ایک ایسا قدم تھا جس نے پوری صورتحال کو تنازعے میں بدل دیا۔ ہفتہ وہ دن تھا جب عدالتیں بند ہوتی ہیں، اور اتوار اس کے بعد آتا ہے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ان طلبہ کو ایک چھوٹی سی خلاف ورزی کے باعث پورا ویک اینڈ حوالات میں گزارنا پڑا، وہ بھی بغیر کسی معقول جواز کے، کیونکہ انہیں اگلے دن عدالت میں پیش ہونا تھا مگر عدالت ہی کھلی نہ تھی۔ ان کی پڑھائی کا حرج ہوا ۔

اس صورتحال کا سب سے افسوسناک پہلو وہ ہے جس سے اسٹوڈنٹس کے مستقبل بھی متاثر ہوئے۔ایک طالبعلم جس نے ٹریفک قانون کی معمولی خلاف ورزی کی تھی، اس پر قانونی کارروائی کی وجہ سے اس کا کریمینل ریکارڈ بن گیا۔ اب وہ “ریکارڈ یافتہ شخص” ہے، جو مستقبل میں نوکری، اسکالرشپ، ویزہ، یا کسی بھی بیک گراؤنڈ چیک کے دوران اس کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ ایک نوجوان جو صرف کلاس پہنچنے کی جلدی میں ہیلمٹ پہننا بھول گیا تھا، اب اس کے نام کے ساتھ ایک ایسا داغ جڑ گیا ہے جسے وہ برسوں تک صاف کرنے کی کوشش کرے گا۔ سوال یہ نہیں کہ قانون توڑا گیا یا نہیں — سوال یہ ہے کہ کیا اتنی بڑی سزا دینا انصاف ہے؟ کیا یہ انصاف ہے کہ ایک طالبعلم جسے مستقبل سنوارنے کا حق ہے، اسے ٹریفک کی خلاف ورزی پر ایسے جرم کی فہرست میں کھڑا کر دیا جائے جو سنگین نوعیت کے جرائم کے برابر سمجھا جاتا ہے؟

طلبہ اور والدین دونوں کا مؤقف ہے کہ اس طرح کے قوانین کا نفاذ مرحلہ وار ہونا چاہیے تھا۔ پہلے آگاہی مہم چلائی جاتی، پھر وارننگز دی جاتیں، پھر مناسب جرمانے، اور آخر میں سخت اقدامات۔ مگر یہاں معاملہ الٹا ہو گیا — پہلے سختی، پھر بحث، پھر احتجاج، اور آخر میں سوالات۔

سڑکوں اور ٹریفک کے سسٹم کو پہلے ٹھیک کریں

عوام نے ایک اور اہم اعتراض شدت سے اٹھایا ہے، اور وہ یہ کہ حکومت نے اصل مسئلے کو نظرانداز کرتے ہوئے براہِ راست عوام کو ہی سزا کا نشانہ بنا دیا۔ لوگ کہتے ہیں کہ اگر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا تھا تو سب سے پہلے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی درستگی ضروری تھی۔ ملتان کے بڑے چوک، جہاں ہزاروں گاڑیاں روزانہ گزرتی ہیں، وہاں ٹریفک سگنل یا تو لگے ہی نہیں یا مہینوں سے خراب پڑے ہیں۔ ایسے میں اگر کوئی شہری غیر ارادی طور پر سگنل توڑتا ہے تو کیا یہ اس شخص کی غلطی ہے یا نظام کی؟ اسی طرح کئی سڑکیں گڑھوں، دراڑوں اور کھڈوں کا مجموعہ بن چکی ہیں۔ بارش کے بعد تو ان کی حالت مزید خراب ہو جاتی ہے، اور لوگ روزانہ اپنی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کا نقصان برداشت کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جب  یہ بنیادی سہولتیں ہی حکومت نہیں دے سکتی تو سختیاں کس بنیاد پر مسلط کی جا رہی ہیں؟عوام کا اعتراض یہ بھی ہے کہ ٹریفک وارڈن اکثر اہم پوائنٹس پر موجود ہی نہیں ہوتے۔ جہاں موجود ہوں بھی تو ان کی تعداد اتنی کم ہوتی ہے کہ رش کے اوقات میں وہ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے بجائے خود بھی افراتفری کا حصہ بن جاتے ہیں۔ وارڈنز کا بنیادی کام رہنمائی، سہولت اور صورتحال کو سنبھالنا ہوتا ہے، مگر جب وہ خود غیر متحرک ہوں یا انہیں مناسب تربیت نہ دی جائے، تو پھر عوام پر سختی ٹھونسنا کہاں کا انصاف ہے؟ شہر کی حالت یہ ہے کہ کئی مقامات پر روڈ لائنز تک غائب ہیں، کوئی واضح لین نہیں، کوئی نشان دہی نہیں، مگر چالان اور ایف آئی آر پوری شدت کے ساتھ نافذ ہو رہے ہیں۔ عوام پُر نم آنکھوں سے سوال کررہی ہے کہ کیا حکومت کو پہلے اپنے محکمے درست نہیں کرنے چاہئیں تھے؟

سب سے زیادہ تشویش اس بات پر ہے کہ صرف چار سے پانچ دن میں چھ کروڑ روپے سے زائد کا ریکارڈ توڑ چالان کیا گیا۔ یہ تعداد خود اس طرف اشارہ کرتی ہے کہ مقصد عوام کی تربیت یا حفاظت  نہیں بلکہ سرکاری خزانہ بھرنا زیادہ معلوم ہوتا ہے۔ جب شہری دیکھتے ہیں کہ حکومت نے اُن سہولیات پر کوئی توجہ نہیں دی جن کی بنیاد پر سڑکوں کی حالت بہتر ہوتی تو یہ سختی پھر قانون کا نفاذ نہیں بلکہ ظلم ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ اگر سڑکیں ٹھیک ہوتیں، سگنل کام کر رہے ہوتے، وارڈن ذمہ داری دکھاتے اور ای-چالان سسٹم شفاف ہوتا، تب یقینا سخت قوانین قابلِ قبول ہوتے۔ مگر موجودہ حالات میں یہ سب کچھ ایسا ہی ہے کہ عوام کو تختہ مشق بنایا جارہا ہے۔

اچانک سختیاں کسی صورت برداشت نہیں ہیں

ایک اور اہم بحث جس کی طرف کئی وکلا حضرات نے توجہ دلائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ کی پابندی بنیادی طور پر ہائی اسپیڈ روڈز، مین جی ٹی روڈز، بائی پاسز یا کم از کم 60 کلومیٹر فی گھنٹہ سے اوپر کی رفتار پر چلنے والی موٹر سائیکلوں کے لیے لازمی ہوتی ہے۔ مگر یہاں مسئلہ یہ پیدا ہو رہا ہے کہ ایک شخص جو صرف دو منٹ کے لیے گھر سے دہی لینے نکلتا ہے، گلی سے نکل کر ایک چوک عبور کرتا ہے، یا ہلکی پھلکی خریداری کے لیے جا رہا ہے، اس پر بھی وہی سختی نافذ ہو رہی ہے جو ایک ہائی اسپیڈ سڑک پر لاگو کی جاتی ہے۔ سوال یہ نہیں کہ ہیلمٹ ضروری ہے یا نہیں — سوال یہ ہے کہ کیا ہر صورتحال میں ایک جیسا قانون لگایا جا سکتا ہے؟ کیا گھر کے قریب معمولی فاصلے پر جانے والے شہری بھی اسی درجے کے “خطرے” میں سمجھے جائیں جن کے لیے قانون اصل میں بنایا گیا تھا؟ یہی وہ مقام ہے جہاں لوگ کہتے ہیں کہ سختی اپنی جگہ، لیکن عقل و منطق اور زمینی حقائق بھی کوئی چیز ہوتی ہے۔

ٹریفک چالان کا ظلم23
ٹریفک چالان کا ظلم23

اسی طرح وکلا کی جانب سے جو دوسرا نکتہ اٹھایا گیا وہ لائسنس کے حوالے سے ہے۔ اگر کسی نوجوان کے پاس لائسنس نہیں ہے تو مسئلے کا حل فوراً ایف آئی آر کاٹ کر اسے جیل بھیج دینا نہیں، بلکہ یہ دیکھنا ہے کہ اس نے لائسنس کیوں نہیں بنوایا؟ کیا لائسنس بنوانے والی جگہوں پر بہت زیادہ رش لگا ہوا تھا ؟ کیا پراسس پیچیدہ ہے؟ کیا فیس عام شہری کی برداشت سے باہر ہے؟ یا کیا کسی طالبعلم یا کم آمدنی والے شخص کے پاس یہ سہولت لینے کا آسان موقع نہیں تھا؟ منطقی طریقہ یہ ہے کہ ایسے شہری کو پہلے وارننگ دی جائے، پھر ریکارڈ میں شامل کیا جائے کہ انہیں پہلی، دوسری یا تیسری بار آگاہ کیا گیا ہے۔ اگر تین بار وارننگ کے باوجود وہ مسئلہ حل نہیں کرتا، تب بامقصد کارروائی کی جا سکتی ہے۔ لیکن یہاں معاملہ اُلٹا ہو گیا — بغیر کسی مرحلہ وار سسٹم کے براہِ راست سخت سزا، براہِ راست ایف آئی آر اور براہِ راست گرفتاری۔

اسی لیے عوام اور ماہرین دونوں کی رائے ہے کہ پنجاب حکومت کو اس پورے معاملے پر سنجیدہ نظرِ ثانی کرنی چاہئے۔ اگر قانون کا مقصد واقعی عوام کی حفاظت ہے تو اسے لچک، وقت، سہولت اور منصوبہ بندی کے ساتھ نافذ کیا جانا چاہئے۔ بصورتِ دیگر، یہ قانون بہتری نہیں بلکہ مزید بے چینی پیدا کرے گا۔

شہریوں کی ذمہ داری اور اس موقع پر صبر کا تقاضا

اس تمام صورتِ حال کے اختتام پر ایک اہم اور متوازن بات یہ بھی ہے کہ قانون میں موجود خامیوں، نظام کی بے ترتیبی اور اچانک سختیوں کے باوجود عوام کو خود بھی اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے۔ اگرچہ پچھلے چند دنوں میں پیش آنے والے واقعات نے شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا، مگر ہر بحران میں ایک لمحہ ایسا بھی ہوتا ہے جہاں جذبات کے بجائے حکمت، برداشت اور باہمی تعاون کی ضرورت پڑتی ہے۔ عوام کے لیے ضروری ہے کہ اس اچانک آنے والی تبدیلی کو حد سے زیادہ ذہنی دباؤ کا باعث بنانے کے بجائے اسے بہتری کے ایک موقع کے طور پر دیکھیں۔ جتنا ممکن ہو سکے، احتیاط کریں—ہیلمٹ پہنیں، کاغذات مکمل رکھیں، ٹریفک اصولوں کا خیال رکھیں۔

اسی طرح ایک دوسرے کو تسلی دینا بھی بہت ضروری ہے۔ دل چھوٹا کرنا، غم و غصے میں آ جانا، حد سے زیادہ گھبراہٹ محسوس کرنا یا دل کے دورے جیسے واقعات — یہ سب کسی مسئلے کا حل نہیں بنتے بلکہ اس کو مزید پیچیدہ بنا دیتے ہیں۔ معاشرے میں کبھی کبھار ایسے اجتماعی مسائل ضرور آتے ہیں جن کی وجہ حکومت کی غلط پالیسی ہوتی ہےمگر ایسے مواقع پر عوامی رویہ ہی حالات کو یا تو سنبھالتا ہے یا مزید بگاڑ دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے تحفظ کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کا حوصلہ بھی بڑھائیں۔

بہتر یہ ہے کہ عوام اپنے اعتراضات تحریری اور پُرامن طریقے سے ریکارڈ کروائیں، سوشل میڈیا پر منظم آواز اٹھائیں، نمائندوں تک اپنی شکایات پہنچائیں، اور حکومت کے سامنے ٹھوس دلائل رکھیں۔

سوشل ایشوز پر کتاب فروش کے مزیدآرٹیکلز پڑھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
Kitabfarosh Articles

You May Also Like…

0
0
Your Cart
Your cart is emptyReturn to Shop