جنتی عورتوں کی سردار

جنتی عورتوں کی سردار

اُم المؤمنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے بیان کیا: حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا ایک مرتبہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس پیدل چل کر حاضر ہوئیں اور آپ حضرت فاطمہ کی چال بالکل نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جیسی لگ رہی تھی۔ نبی علیہ السلام نے اپنی بیٹی کو دیکھ کر فرمایا: خوش آمدید! اُس کے بعد آپ نے اپنی بیٹی کو دائیں طرف ساتھ بٹھا لیا اور اُن سے آہستہ سے کوئی بات کہی جو مجلس میں کوئی اور نہ سُن سکا۔ وہ بات سن کرحضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا رونے لگیں۔ پھردوبارہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کوئی بات بتلائی جس کو سُن کر وہ ہنسنے لگیں۔

اُم المؤمنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے دِل میں سوچا کہ فاطمہ آج اتنی خوش ہیں کہ پہلے کبھی اِن کے چہرے پر اتنی خوشی نہیں دیکھی۔ تو انہوں نے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے رونے اور ہنسنے کی وجہ پوچھی۔ انہوں نے بتانے سے منع کردیا اور کہا کہ میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا راز کیسے فاش کرسکتی ہوں۔ جو بات انہوںنے مجھے چھپا کر بتائی وہ میں کسی اور کو نہیں بتائوں گی۔ کچھ عرصہ کے بعد نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال ہوگیا۔ اب اماں عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا کہ اب بتا دیں اُس دن نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ سے کیا بات ارشاد فرمائی تھی؟

تو انہوںنے بتایا کہ میرے والد محترم صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے کان میں یہ بات بتلائی تھی کہ جبرئیل علیہ السلام ہر سال میرے ساتھ قرآن مجید کا دورکیا کرتے تھے (ہم ایک دوسرے کو سناتے تھے) اس مرتبہ خلاف معمول انہوںنے دو مرتبہ قرآن مجید کادورہ کیا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ میرے وصال کا وقت بہت قریب ہے اور میرے گھر والوں میں سے سب سے پہلے تم مجھ سے ملو گی ( یعنی میرے بعد تم بھی اِس دنیا سے جلد رخصت ہو جائوگی ) کہتی ہیں میں یہ بات سُن کر رونے لگی۔ تو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: کیا تم اِس پر راضی نہیں( اگر یہ اعزاز تمہارے نام ہو جائے ) کہ جنت کی ساری عورتوں کی سردار بن جائو۔ (حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں: یہ بشارت ’’ میں جنتی عورتوں کی سردار بنوں گی ‘‘ سن کر) تو میں ہنس پڑی۔

(مفہوم حدیث : ۳۳۸۰، باب علامات النبوۃ ، صحیح البخاری)

صحیح بخاری شریف کی صحیح اردو احادیث کو مزید پڑھنے کے لئے یہ لنک دیکھئے:
https://kitabfarosh.com/category/kitabfarsoh-blogs/sahi_bukhari_urdu_hadith_collection/

You May Also Like…

0
0
Your Cart
Your cart is emptyReturn to Shop