مخلوط تقریبات کا سیلاب

مخلوط تقریبات کا سیلاب (ملفوظات شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ العالی)۔

ارشاد فرمایا کہ شادی بیاہ کی تقریبات میں بے حیائی کے مناظر ان گھرانوں میں بھی نظر آنے لگے ہیں جو اپنے آپ کو دیندار کہتے ہیں، جن کے مرد مسجد میں صف ِ اوّل میں نماز پڑھتے ہیں ، ان کے گھرانوں کی شادی بیاہ کی تقریبات میں جا کر دیکھو کہ کیا ہورہا ہے؟ ایک زمانہ وہ تھا جس میں اس بات کا خیال اور تصور نہیں آ سکتا تھا کہ شادی بیاہ کی تقریبات میں مردوں اور عورتوں کا مخلوط اجتماع ہوگا لیکن اب تو مردو عورت کی مخلوط دعوتوں کا ایک سیلاب ہے اور عورتیں بن سنورکر، سنگھار پٹار کرکے، زیب و زینت سے آراستہ ہوکر ان مخلوط دعوتوں میں شریک ہوتی ہیں ۔ نہ پردہ کا کوئی تصور ہے ، نہ حیاء کا کوئی خیال ہے۔ اور پھر ان تقریبات کی ویڈیو فلمیں بن رہی ہیں تا کہ جو کوئی اس تقریب میں شریک نہ ہوسکا اور اس نظارے سے لطف اندوز نہیں ہوسکا اس کے لیے اس نظارہ سے لطف اندوز ہونے کے لیے ویڈیو فلم تیار ہے ، اس کے ذریعے وہ اس کا نظارہ کرسکتا ہے۔ یہ سب کچھ ہورہاہے، لیکن پھر بھی دیندار ہیں، پھر بھی نمازی پرہیز گار ہیں۔ یہ سب کچھ ہورہا ہے لیکن کان پر جوں نہیں رینگتی اور ماتھے پر شکن نہیں آتی ، اور دل میں اس کو ختم کرنے کا کوئی داعیہ پیدا نہیں ہوتا۔ بتائیے کیا پھر بھی یہ فتنے نہ آئیں ؟کیا پھر بھی بدامنی اور بے سکونی پیدا نہ ہو ؟ آج کل ہر ایک کی جان و مال و عزت و آبرو خطرے میں ہے ، یہ سب کیوں نہ ہو ۔ یہ تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے غنیمت ہے اور حضور ﷺ کی برکت ہے کہ ایسا قہر ہم پر نازل نہیں ہوتا کہ ہم سب ہلاک ہوجائیں ، ورنہ ہمارے اعمال تو سارے ایسے ہیں کہ ایک قہر اور ایک عذاب کے ذریعہ سب کو ہلاک کردیا جاتا۔

۔ (اصلاحی خطبات، جلد۱، صفحہ ۱۵۵)۔

یہ ملفوظات حضرت ڈاکٹر فیصل صاحب نے انتخاب فرمائے ہیں ۔

Featured products

You May Also Like…

0
0
Your Cart
Your cart is emptyReturn to Shop