امثال عبرت: حکایات، نصیحتیں اور اشرف الامثال کا نادر مجموعہ
اللہ تعالیٰ نے انسانی فطرت میں واقعات سے عبرت و نصیحت حاصل کرنے کا ملکہ رکھا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے بار بار حضرات انبیائے کرام علیہم السلام کے واقعات کو مختلف پیرائے میں ذکر فرما کر انسانی عقل کو عبرت و نصیحت کی دعوت دی ہے ۔ مولانا روم رحمہ اللہ تعالیٰ نے اپنی معرکۃ الاراء تصنیف “مثنوی شریف” میں واقعات کو بنیاد بنا کر اس سے سبق آموز نکات بیان فرمائے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے واقعات دلچسپی سے پڑھے اور سنے جاتے ہیں اور ان سے حاصل شدہ اسباق بہ آسانی ذہن نشین ہوجاتے ہیں ۔
موجودہ دور میں حکیم الامت مجدد الملت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ تعالیٰ کی شخصیت محتاج تعارف نہیں ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے آپ سے تجدید دین کا جو عظیم الشان کام لیا ہے وہ کسی سے مخفی نہں ہے ۔ آپ نے بھی اپنے خطبات و مواعظ میں جگہ جگہ نصیحت آموز حکایات ذکر کی ہیں اور جگہ جگہ ایسی عام فہم امثال بیان فرمائی ہیں جن کے ذریعے فقہ اور تصوف کے اہم مسائل وضاحت کے ساتھ سمجھے جا سکتے ہیں ۔
ان حکایات و امثال کا ذخیرہ حضرت تھانوی رحمہ اللہ تعالیٰ کے خطبات و ملفوظات میں منتشر انداز میں محفوظ تھا ۔ حضرت کے خلیفہ مولانا محمد مصطفیٰ بجنوری رحمہ اللہ تعالیٰ نے ان قیمتی حکایات و امثال کو یکجا کردیا جو کہ عرصہ دراز سے امثال عبرت کے نام سے کتابی صورت میں شائع ہورہی ہے ۔
امثال عبرت کا یہ جدید ایڈیشن آپ کے سامنے ہے ۔ اسمیں اولاً حکایات ہیں ۔ ثانیاً مزاحیہ حکایات ہیں ۔ ثالثاً امثال عبرت ہیں اور رابعاً اشرف الامثال دی گئی ہیں ۔ مؤخر الذکر امثال جناب حضرت صوفی محمد اقبال قریشی صاحب مدظلہ العالی کی جمع فرمودہ ہیں جو اُںکی اجازت سے جزو کتب بنائی گئی ہیں ۔
از ناشر محمد اسحاق غفر اللہ ۔ ربیع الثانی 1429 ھجری ۔ .

امثال عبرت
فقہ و تصوف کو سمجھانے والے عجیب و غریب 700 سے زائد دلچسپ واقعات و حکایات کا خزانہ
