انصار کی فضیلت اور دعا

حیات صحابہ - مولانا یوسف کاندھلوی

انصار کی فضیلت اور دعا

حضرات انصار رضی اللہ عنہم کیلئے دعائیں

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ جب اونٹوں کے ذریعہ پانی کھینچنا اور اونٹوں پر پانی لاد کر لانا انصار کے لئے بڑی مشقت کا ذریعہ بنا تو وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس یہ درخواست پیش کرنے کے لئے جمع ہوئے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم انہیں پانی کے لئے ایک نہر کھود دیں جس میں سارا سال خوب پانی بہتا رہے ۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا خوش آمدید ہو انصار کو ! خوش آمدید ہو انصار کو۔
آج تم مجھ سے جو چیز بھی مانگو گے وہ میں تمہیں ضرور دوں گا اور آج میں اللہ سے تمہارے لئے جو چیز بھی مانگوں گا اللہ مجھے وہ چیز ضرور دے دے گا۔اس پر انصار نے ایک دوسرے سے کہا کہ اس موقع کو غنیمت سمجھو (نہر وغیرہ کو تو چھوڑو) اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے مغفرت کی دعا کر والو۔
چنانچہ انصار نے کہا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آپ ہمارے لئے مغفرت کی دعا فرما دیں ۔ آپ نے دعا فرمائی اے اللہ ! انصار کے لئے اور انصار کے بیٹوں کے لئے اور انصار کے بیٹوں کے بیٹوں کے لئے مغفرت فرما اور ایک روایت میں یہ بھی ہے کہ انصار کی بیویوں کی بھی مغفرت فرما۔ (اخرجہ امام احمد)

حضرت رفاعہ بن رافع رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اے اللہ! انصار کی اور ان کی اولاد کی اور ان کی اولا د کی اولاد کی اور ان کے پڑوسیوں کی مغفرت فرما۔

حضرت عثمان رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا کہ ایمان یمن والوں کا ہے اور ایمان قبیلہ قحطان میں ہے (قحطان یمن کے ایک بادشاہ ہیں تمام انصار اور یمن والوں کا نسب ان سے جا ملتا ہے) اور دل کی سختی عدنان کی اولاد میں ہے اور حمیر قبیلہ عرب کا سر اور عرب کے سردار ہیں اور مذ حج قبیلہ عرب کے سر اور ان کے بچاؤ کا سامان ہیں اور ازدقبیلہ عرب کا کندھا اور ان کا سر ہیں (کندھے کی طرح تمام اہم کاموں کا بوجھ اٹھاتے ہیں) اور ہمدان قبیلہ عرب کا کندھا اور عرب کی چوٹی ہیں ۔
اے اللہ ! انصار کو عزت عطا فرما جن کے ذریعہ سے اللہ نے دین کو قائم فرمایا اور جنہوں نے مجھے ٹھکانہ دیا اور میری نصرت کی اور میری حمایت کی ۔ اور یہ میرے دنیا میں ساتھی ہیں اور آخرت میں میری جماعت ہیں اور یہ لوگ میری امت میں سے جنت میں سب سے پہلے داخل ہوں گے۔ (عندالبزار)

کتاب کا نام: حیات صحابہ – مولانا یوسف کاندھلوی
صفحہ نمبر: 309 – 310

Written by Huzaifa Ishaq

24 October, 2022

Our Best Selling Product: Dars E Quran

You May Also Like…

0 Comments