طاعون سے حفاظت اورعلاج

Idara Taleefat E Ashrafia

طاعون سے حفاظت اورعلاج

 سوال :.۔ ہمارے موضع میں وبائی مرض پھیلاہوا ہے مخلوق پریشان ہے اس مرض کے دفعیہ کے واسطے کئی طریقے سنے گئے اورکتابوں سے معلوم ہوئے مگر پورے طور پر اطمینان نہیں ہوتا نہ عمل کا پورا طریقہ معلوم ہوسکا اس علاقہ میں اکثر لوگوں نے اس کام کوجناب کی رائے پرمنحصر رکھا ہے جو سہل طریقہ اس آفت کے دفعیہ کااور امن وامان کے حاصل ہونے کا ہوتحریر فرمائیں… اس کام کے واسطے چندہ بھی ہورہا ہے مگراب تک کسی کام میں خرچ نہیں ہوا..۔
اور چند روز سے اکثرگاؤں کے باشندے گاؤں سے باہرعیدگاہ میں جمع ہوکر تھوڑی دیر تک توبہ واستغفار کرکے سات مرتبہ اذان پڑھتے ہیں… پھر دورکعت نفل نماز اداکرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے اس وبائی مرض کے دفعیہ کے واسطے دعامانگتے ہیں ..۔
یہ عمل یاکوئی دوسراطریقہ جس طرح مناسب ہوتحریرفرمائیں… اورکتاب شرع محمدی میں جوفقہ کی اردومیں منظوم ہے اس میں ایسا طریقہ ہے اگریہ جائز ہے اوررائے عالی میں مناسب معلوم ہوتا ہے اس کوبھی تحریر فرمادیں..۔

الجواب:۔ السلام علیکم ورحمتہ اللہ تعالیٰ !۔

 اللہ تعالیٰ اس مرض کوسب جگہ سے دورفرمائیں … جوعمل آپ نے شرع محمدی سے نقل کیا ہے اس کی کوئی اصل نہیں اورنہ اذان کہنے کی کوئی اصل ہے اور نہ جماعت کے ساتھ نفل ادا کرنا ثابت ہے … اس لئے ان سب اعمال کوموقوف کردیاجائے..۔
اس کیلئے اصل دوا مر ہیں صدقہ کی کثرت اورگناہوں سے توبہ کرنا اورصدقہ کیلئے چندہ جمع کرنا مناسب نہیں… اکثردیکھاگیا ہے کہ (اس طرح دینے میں خلوص نہیں رہتا..۔
بلکہ ہرشخص کوچاہیے کہ اپنے طور سے جوتوفیق ہو خود دے دے… اورجوچندہ جمع ہوگیا ہے سب دینے والوں سے اجازت حاصل کرکے ایسے لوگوں کو نقد یاغلہ خرید کر خفیہ طور پردے دیاجائے جوبہت حاجت مند ہیں اورکسی سے سوال نہیں کرتے..۔
اور عیدگاہ میں جمع ہوکر دعاکرنے میں مضائقہ نہیں لیکن نہ اذان کہیں نہ جماعت سے نفلیں پڑھیں… بلکہ (اللہ کے حضور میں اپنے قصور کااعتراف کرتے ہوئے خوب)روئیں … اور الگ الگ نفلیں پڑھیں… اوربہتر ہے کہ گھر آکرنفلیں پڑھیں..۔
اورنیز ضروری ہے کہ حق العباد جوکسی کے ذمہ ہوں ان سے سبکدوشی حاصل کریں جس نے کسی کاحق دبارکھا ہوا س کو واپس کرے..۔ ظلم کرنا ، غیبت کرنا ،جھوٹ بولنا بدنگاہی کرنا( بے پردگی کرنا ) اوراس کے علاوہ تمام معاصی کوچھوڑدیں اورہروقت استغفار زبان ودل سے جاری رکھیں..۔
اور جن لوگوں کوسورہ تغابن جواٹھائیسویں پارہ کے تین پاؤ پر ہے یاد ہوصبح وشام فجرومغرب کی نماز کے بعدایک ایک بار پڑھ کر اپنے اوپر اورسب گھروالوں پردم کردیاکریں..۔
اور جوچیز کھائیں پئیں پہلے اس پر سورہ انا انزلناہ (سورۃ القدر) ، 3 بار پڑھ کر دم کرلیاکریں… بلکہ جو ( اس وبائی مرض میں) مبتلا ہوگیا ہو اس کوبھی پانی پردم کرکے وہ پانی پلادیں… (امداد الفتاویٰ)
اور سب سے بڑی چیزگناہوں کا چھوڑنا ہے …. اور ظاہری علاج ومعالجہ (دوا وغیرہ ) بھی ضروری ہے..۔

کتاب کا نام: مجربات اکابر
صفحہ نمبر: 188 – 189

Written by Huzaifa Ishaq

3 November, 2022

Our Best Selling Product: Dars E Quran

You May Also Like…

0 Comments