نماز عشاء سے متعلق سنتیں
عشاء کے فرضوں سے پہلے چار رکعت سنت ہیں (مشکوٰۃ)
عشاء کے فرضوں کے بعد دو رکعت سنت ہیں (مشکوٰۃ)
عشاء کی ان دو سنتوں کے بعد بجائے دو رکعت نفل پڑھنے کے چار رکعت نفل پڑھئے تو شب قدر کے برابر ثواب ملتا ہے (الترغیب) اور جس کی تہجد کے وقت آنکھ نہ کھلی ہو تو یہ چار رکعت تہجد کی نیت سے پڑھ لیا کریں تو تہجد میں شمار ہو جاتی ہیں اگر پچھلی رات کو آنکھ کھل جائے تو اس وقت بھی تہجد کی نماز پڑھ لیں ورنہ یہ چار رکعت بھی کافی ہو جاویں گی۔
وتروں کے بعد جو دو رکعت نفل پڑھتے ہیں ان نفلوں میں پہلی رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد اِذَازُلْزِلَتِ الْاَرْضُ اور دوسری رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد سورۃ قُلْ یَاَیُّھَا الْکٰفِرُوْنَ پڑھئے تو یہ دو رکعت قائم مقام تہجد کے ہو جاتی ہیں (الترغیب)
فائدہ:۔ ہو سکے تو دونوں جگہ یعنی وتروں سے پہلے چار رکعت اور وتروں کے بعد دو رکعت نفل میں تہجد کی نیت کر لیا کریں تو ان شاء اللہ تعالیٰ تہجد کی فضیلت و ثواب سے محرومی نہ ہوگی۔
عشاء کی نماز کے بعد (بلاضرورت) دنیوی باتیں کرنا منع (یعنی مکروہ تنزیہی) ہیں ۔ (مشکوٰۃ)
اندھیری رات ہو روشنی کا انتظام نہ ہو تب بھی مسجد میں جا کر نماز عشاء ادا کرنا موجب بشارت ہے (ابن ماجہ)
ہر فرض نماز کو جماعت کے ساتھ تکبیر اولیٰ کے ساتھ ادا کرنا (الترغیب)
جو شخص چالیس رات عشاء کی نماز جماعت کے ساتھ تکبیر اولیٰ سے ادا کرے تو اس کے لئے دوزخ سے برأت (بری ہونا) لکھ دیا جاتا (ابن ماجہ)
وتروں کی پہلی رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد سَبِّحِ اسْمِ رَبِّکَ الْاَعْلٰی دوسری رکعت میں قُلْ یَاَیُّھَا الْکٰفِرُوْنَ تیسری رکعت میں قُلْ ھُوَاللّٰہُ اَحَدٌ پڑھنا (ابوداؤد) کبھی کبھی چھوڑ دیا کریں۔
وتر کی نماز سے فارغ ہو کر تین مرتبہ آواز کے ساتھ سُبْحَانَ الْمَلِکِ الْقُدُّوْسِ پڑھنا تیسری مرتبہ ذرا کھینچ کر پڑھنا۔ (مشکوٰۃ)
تہجد پڑھنے والوں کیلئے حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کی دعا
حدیث:۔ جناب رسول اللہ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا کہ حق تعالیٰ اس مرد پر رحمت فرمائے جو رات کو نیند چھوڑ کر تہجد کی نماز پڑھے اور اپنی بیوی کو بھی جگائے اگر و ہ انکار کرے یعنی اس کو گہری نیند آئی ہو تو اس کے چہرے پر پانی کا چھینٹا مارے اور حق تعالیٰ اس عورت پر رحمت فرمائے جو رات کو اٹھ کر تہجد کی نماز پڑھے اور اپنے شوہر کو بھی جگائے اگر وہ انکار کرے تو اس کے چہرے پر پانی کا چھینٹا مارے۔( ابو داؤد)
کتاب کا نام: مسنون زندگی قدم بہ قدم
صفحہ نمبر: 172 تا 173
مسنون زندگی قدم بہ قدم
مسنون زندگی قدم بہ قدم
یہ کتاب ولادت سے وفات تک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کا مبارک مجموعہ ہے بلکہ یہ سنتوں کا اک نصاب اور مکمل انسائیکلو پیڈیا ہے ۔
0 Comments