مفتی محمد رفیع عثمانی کا تعارف
از شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم
مفتی اعظم مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی مدظلہ
آٹھویں نمبر پر میرے بڑے بھائی حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب مدظلہم مجھ سے سات سال بڑے ہیں… لیکن اللہ تبارک وتعالیٰ نے ہمیں بچپن سے آج تک اس طرح ساتھ رکھا ہے کہ نہ صرف گھر کے ماحول میں… بلکہ دینی اور ملکی حلقوں میں بھی ہم دونوں کے نام ایک ساتھ لازم و ملزوم کی طرح لئے جاتے رہے ہیں… ہم سب بہن بھائیوں میں مجھے سب سے طویل رفاقت کا اعزاز انہی کے ساتھ حاصل ہوا… جس سے میں نے بہت کچھ سیکھا…۔
مگر طبیعت کے بے ڈھنگ انداز نے اس پر عمل کرنے میں بکثرت رکاوٹ پیدا کی… وہ نہایت منظم اور با اُصول زندگی کے حامل اور میں بد حواس اور بے ڈھنگ… وہ ہر کام اطمینان اور وقار سے کرنے کے عادی… اورمیں جلد باز… ان کے گھر سے لے کر دفتر تک ہر چیز با قرینہ اور میں بد سلیقہ…۔
غرض میری ان بے وقوفیوں کو انہوں نے جس صبر و ضبط کے ساتھ برداشت کیا… یہ انہی کا حوصلہ ہے… یہ اختلاف طبائع جس کا قابل اعتراض حصہ یقینا میرے بے ہنگم انداز زندگی ہی کی وجہ سے تھا… اسے ان کے تحمل اور بڑائی نے کبھی قابل ذکر ناگواری میں تبدیل ہونے نہیں دیا… اور اس میں انہی کی بڑائی کا سب سے زیادہ دخل ہے کہ تعلیم کے زمانے سے لے کر تدریس… افتاء اور پھر ملکی معاملات تک مجھے الحمد للہ تعالیٰ ان کے ساتھ تقریباً پوری ہم آہنگی کے ساتھ ان سے استفادے کا موقع ملا… اور ہمیشہ ان کی شفقت میسر آئی…۔
علماء کرام نے انہیں حضرت مفتی ولی حسن صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے بعد “مفتی اعظم پاکستان” کا لقب دیا ۔
اور ان کی اُردو عربی تصانیف… فتاویٰ اور ان کے دروس کی منضبط… واضح اورجچی تلی تقریریں اور ان کے مواعظ اس لقب کی صحت پر شاہد عدل ہیں… آج پاکستان میں جب سنجیدہ… صاحب رائے… معتدل اور مخلص علماء کی کوئی فہرست بنتی ہے… تو الحمد للہ ان کا نام نامی سر فہرست ہوتا ہے… دارالعلوم کی تعمیر و ترقی کے لئے انہوں نے اپنی جسمانی اور ذہنی توانائی جس طرح وقف کی… آج دارالعلوم کے درو دیوار اور اس کا ایک ایک نشیب و فراز اس کی گواہی دے رہا ہے… اگر میں یہ کہوں کہ دارالعلوم کی تمام عمارتیں… ایک دو کو چھوڑ کر سب براہِ راست ان کی نگرانی میں بنیں… اور ان کی ایک ایک اینٹ پر انہوں نے بذات خود محنت فرمائی ہے… تو غالباً اس میں مبالغہ نہیں ہوگا… اللہ تعالیٰ ان کا سایہئ رحمت بعافیت تمام ہم پر سلامت رکھے… وہ صرف میرے لئے نہیں… پورے خاندان اور پورے دارالعلوم کے لئے ایک شفیق باپ کی حیثیت رکھتے ہیں… اور ملک و ملت کے مقاصد میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں…۔
از کتاب : عظیم عالمی شخصیت صفحہ 139
سوانح حیات شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ
یہ کتاب آن لائن منگوانے کے لئے نیچے دئیے گئے
SHOP NOW
کے بٹن پر کلک کریں ۔ مزید معلومات کے لئے واٹس ایپ نمبر
WhatsApp # 03006395179
عظیم عالمی شخصیت(2جلد)۔
عظیم عالمی شخصیت(2جلد)۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کی سوانح حیات ۔ ایک بہترین عظیم عالمی شخصیت کے احوال کا مطالعہ ۔
رحمه الله رحمه واسعه