مصائب سے نجات اور مقاصد کے حصول کا مجرب نسخہ
لاحول ولا قوۃ الا باللہ
حدیث مذکور میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عوف بن مالک رضی اللہ عنہ کو مصیبت سے نجات اور حصول مقصد کے لیے یہ تلقین فرمائی کہ کثرت کے ساتھ
۔”لَا حَوْلَ وَلاَ قُوَّۃَ اِلاَّ بِاللّٰہِ”۔
پڑھا کریں… حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ دینی اور دُنیاوی ہر قسم کے مصائب اور مضرتوں سے بچنے اور منافع اور مقاصد کے حاصل کرنے کے لیے اِس کلمہ کی کثرت بہت مجرب عمل ہے اور اس کثرت کی مقدار حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ نے یہ بتلائی ہے کہ روزانہ پانچ سو (100) مرتبہ یہ کلمہ
۔‘‘لَا حَوْلَ وَلاَ قُوَّۃَ اِلاَّ بِاللّٰہِ’’۔
پڑھا کرے اور سو سو مرتبہ درُود شریف اس کے اوّل و آخر میں پڑھ کر اپنے مقصد کے لیے دُعاء کیا کرے… (تفسیر مظہری).
اور امام احمد رحمۃ اللہ علیہ اور حاکم، بیہقی، ابو نعیم وغیرہ نے حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے اور حاکم نے اِس کی اسناد کو صحیح کہا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک روز اس آیت
۔‘‘وَمَنْ یَّتَّقِ اللّٰہَ یَجْعَلْ لَّہٗ مَخْرَجًا’’۔ (الآیہ) کی تلاوت بار بار فرماتے رہے..۔
یہاں تک کہ مجھے نیند آنے لگی، پھر فرمایا کہ اے ابوذر رضی اللہ عنہ اگر سب آدمی صرف اس آیت کو اختیار کرلیں تو سب کے لیے کافی ہے… (روح المعانی) کافی ہونے کی مراد ظاہر ہے کہ تمام دینی اور دُنیوی مقاصد میں کامیابی کے لیے کافی ہے… (معارف القرآن)
کتاب کا نام: مجربات اکابر
صفحہ نمبر: 130 – 131

مجربات اکابر
مجربات اکابر
یہ کتاب اکابر واسلاف کے مستند اور مجرب عملیات کا خزینہ ہے جس سے فائدہ اٹھا کر ہم اپنی دنیا وآخرت سنوار سکتے ہیں۔ عہدنبوت سے اب تک مشاہیر اسلاف امت کے مجرب عملیات، معمولات اور اذکار و وظائف جمع کئے گئے ہیں ۔ یہ مجموعہ آج کی پریشان حال امت کے لئے ایک ایسا روحانی تحفہ ہے جو انہیں بازاری قسم کے عاملوں سے نجات دلا سکتا ہے ۔