غزوہ احد کے بعد کیا دعا مانگی؟
حضرت رفاعہ زرقی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جب جنگ احد کے دن مشرکین واپس چلے گئے تو حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا سب سیدھے کھڑے ہو جاؤ تاکہ میں اپنے پروردگار کی حمد و ثناء بیان کروں ۔
چنانچہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم آپ کے پیچھے صفیں بنا کر کھڑے ہوگئے تو آپ نے یہ دعا فرمائی:۔
اے اللہ ! تمام تعریفیں تیرے لئے ہیں جسے تو وسعت عطا فرمائے اس پر کوئی تنگی کرنے والا نہیں اور جس پر تو تنگی عطاء فرمائے اسے کوئی وسعت دینے والا نہیں اور جسے تو گمراہ کر دے اسے کوئی ہدایت دینے والا نہیں اور جسے تو ہدایت دے دے اسے کوئی گمراہ کرنے والا نہیں اور جو چیز تو روک لے (اور نہ دے) اسے کوئی دینے والا نہیں اور جو چیز تو دے اسے کوئی روکنے ولاا نہیں اور جس چیز کو تو دور کر دے اسے کوئی قریب کرنے والا نہیں اور جسے تو قریب کر دے اسے کوئی دور کرنے والا نہیں ۔
اور اے اللہ ! تو ہم پر اپنی برکتیں اور اپنی رحمت اور اپنا فضل اور اپنا رزق وسیع فرما دے اور اے اللہ ! میں تجھ سے وہ دائمی نعمت مانگتا ہوں جو نہ کبھی بدلے اور نہ اس پر کبھی زوال آئے اور اے اللہ ! میں تجھ سے فقر و محتاجگی کے دن نعمت اور خوف کے دن امن و امان مانگتا ہوں اور اے اللہ ! جو تو نے ہم کو دیا ہے اس کے شر سے بھی اور جو تو نے ہم سے روکا ہے (اور ہمیں نہیں دیا ہے) اس کے شر سے بھی تیری پناہ چاہتا ہوں اے اللہ ! تو ایمان کو ہمارا محبوب بنا دے اور اس کو ہمارے دلوں کی زینت بنا دے اور کفر اور فسق و فجور اور نافرمانی کی ہمارے دلوں میں نفرت ڈال دے ۔ اور ہمیں ہدایت یافتہ لوگوں میں شامل فرما دے ۔ اے اللہ ! ہمیں دنیا سے اسلام پر اٹھانا اور ہمیں اسلام پر زندہ رکھنا اور ہمیں نیک بندوں کے ساتھ ملا دینا ۔
نہ ہم رسوا ہوں اور نہ ہم فتنوں میں گرفتار ہوں ۔ اے اللہ ! تو ان کافروں کو ہلاک کر دے جو تیرے رسولوں کو جھٹلاتے ہیں اور تیرے راستے سے روکتے ہیں اور تو ان پر اپنا قہر و عذاب نازل فرما ۔ اے اللہ ! ان کافروں کو ہلاک فرما جن کو کتاب دی گئی ۔ اے برحق معبود ۔ (اخرجہ الامام احمد)۔
کتاب کا نام: حیات صحابہ – مولانا یوسف کاندھلوی
صفحہ نمبر: 365 – 366
حیات صحابہ – مولانا یوسف کاندھلوی
حیات صحابہ – مولانا یوسف کاندھلوی
یہ کتاب حضرت مولانا یوسف کاندھلوی رحمہ اللہ کی لکھی ہوئی عربی کتاب
” حیات الصحابہ رضی اللہ عنہم ” کا اردو ترجمہ ہے ، یہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت وعقیدت سے بھرپورکتاب ہے ۔ اس کی مقبولیت کے لئےاتنی بات کافی ہےکہ حضرت رحمہ اللہ کےخلوص اورللہیت کےنتیجہ میں اس کتاب کااردوترجمہ بھی کیا گیا ، گویامشائخ عرب وعجم میں یہ کتاب مقبول ہوئی ۔
زیرنظر کتاب تلخیص شدہ ہے جس میں مکررات کو حذف کرکے ہرروایت پر ایک عنوان لگادیا تاکہ علماء کرام کے علاوہ عوام الناس بھی اس سے بآسانی مستفید ہوسکیں ۔
0 Comments