درود شریف واجب ہونے کی دلیلیں
ہر دفعہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام پر درُود کے واجب ہونے کے دلائل
جو لوگ کہتے ہیں کہ جب بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام آئے درود پڑھنا واجب ہے ۔
انہوں نے اس حدیث سے استدلال کیا ہے کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت میں آیا ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اس شخص کی ناک خاک آلود ہو جس کے سامنے میرا تذکرہ آیا ہو اور اس نے مجھ پردرُود نہ پڑھی ہو اور اس شخص کی ناک خاک آلود ہو کہ اس پر رمضان آ کر گزر بھی جائے اور اس کی مغفرت نہ ہو۔
اور اس شخص کی ناک خاک آلود ہو کہ اس کے ماں باپ یا دونوں میں سے ایک اس کی زندگی میں بوڑھے ہو جائیں ۔اور اس شخص کے جنت میں داخلہ کا ذریعہ نہ بنیں (یعنی بیٹا بوڑھے ماں باپ کی خدمت نہ کرے اس لئے وہ ناراض رہیں اور یہ شخص جنت سے محروم ہو جائے) رواہ الترمذی و ابن حبان فی صحیحہ۔
۔2۔ حضرت جابر بن سمرہ کی روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جس کے سامنے میرا ذکر کیا جائے اور وہ مجھ پر درُودنہ پڑھے اور دوزخ میں چلاجائے اللہ اس کو دور رکھے۔
۔3۔ حضرت ابن عباس کی مرفوع حدیث ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا میرے پاس جبرئیل علیہ السلام آئے (اور انہوں نے کہا) جس شخص کے سامنے آپ کا تذکرہ ہو اور وہ آپ پر درُود نہ پڑھے اور (اس وجہ سے) دوزخ میں داخل ہو جائے پس اللہ اس کو دور رکھے۔ یہ دونوں حدیثیں طبرانی نے نقل کی ہیں۔
۔4۔ ابن سنی نے حضرت جابر کی مرفوع حدیث ان الفاظ کے ساتھ نقل کی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جس کے سامنے میرا ذکر ہوا اور اس نے مجھ پر درود نہیں پڑھی وہ بد نصیب ہو گیا۔
۔5۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ راوی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جس کے سامنے میرا ذکر آئے اور وہ مجھ پر درُود نہ پڑھے وہ بخیل ہے۔ رواہ الترمذی۔ ترمذی نے اس حدیث کو حسن صحیح غریب کہا ہے امام احمد نے یہ حدیث حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی روایت سے بیان کی ہے۔
۔6۔ طبرانی نے اچھی سند کے ساتھ حضرت امام حسین کی مرفوع روایت اس طرح بیان کی ہے جس کے سامنے میرا تذکرہ آیا اور اس سے مجھ پر درُود پڑھنی چھوٹ گئی اس سے جنت کا راستہ چھوٹ گیا۔
۔7۔ نسائی نے صحیح سند سے حضرت انس کی روایت سے بیان کیا ہے جس کے سامنے میرا ذکر کیا جائے اس کو چاہئیے کہ مجھ پر درُود پڑھے کیونکہ جو شخص مجھ پر (ایک بار) درُود پڑھے گا اللہ اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا (یا دس بار رحمت نازل فرمائے گا)
کتاب کا نام: برکات درود شریف کے حیرت انگیز واقعات
صفحہ نمبر: 42 – 43
برکات درود شریف کے حیرت انگیز واقعات
برکات درود شریف کے حیرت انگیز واقعات
قرآن و حدیث میں درود شریف کی فضیلت اور اسی طرح درود شریف کی تاثیر کے حیرت انگیز واقعات اس کتاب میں بیان کئے گئے ہیں ۔
0 Comments