حضرت خضر کا بتایا ہوا عمل
حضرت خضر علیہ السلام کا بتایا ہوا عمل
حضرت شیخ المشائخ قطب الارشاد شاہ ولی اللہ صاحب نور اللہ مرقدہ’ نے اپنی کتاب نوادر میں بہت سے مشائخ تصّوف اور ابدال کے ذریعہ سے حضرت خضر علیہ الصلوٰۃ السّلام سے متعدد اعمال نقل کئے ہیں اگرچہ محدثانہ حیثیت سے اُن پر کلام ہے لیکن کوئی فقہی مسئلہ نہیں جس میں دلیل اور حجت کی ضرورت ہو’ مبشرات اور منامات ہیں۔
منجملہ ان کے لکھا ہے کہ ابدال میں سے ایک بزرگ نے حضرت خضرعلیہ الصلوٰۃ والسّلام سے درخواست کی کہ مجھے کوئی عمل بتائیے جو میں رات میں کیا کروں ۔
انہوں نے فرمایا کہ مغرب سے عشاء تک نفلوں میں مشغول رہا کر، کسی شخص سے بات نہ کر۔
نفلوں میں دو ، دو رکعت پر سلام پھیرتا رہا کر اور ہر رکعت میں ایک مرتبہ سورۂ فاتحہ اور تین مرتبہ قُل ہو اللہ پڑھتا رہا کر عشاء کے بعد بھی بغیر بات کئے اپنے گھر چلا جا
اور وہاں جاکر دو 2 رکعت نفل پڑھ، ہر رکعت میں ایک دفعہ سورۂ فاتحہ اور سات (7) مرتبہ قل ہو اللہ، نماز کا سلام پھیرنے کے بعد ایک سجدہ کر جس میں سات 7 دفعہ استغفار، سات 7 مرتبہ درُود شریف اور سات دفعہ
سُبْحَانَ اﷲِ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اﷲُ وَاﷲُ اَکْبَرْ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاﷲِ
پھر سجدہ سے سراٹھا کر دُعا کے لئے ہاتھ اٹھا اور یہ دُعاء پڑھ
یَاحَیُّ یَا قَیُّوْمُ یَاذَالْجَلَالِ وَالْاِکْرَامِ یَا اِلٰـہَ الْاَوَّلِیْنَ وَالْاٰخِرِیْنَ یَا رَحْمٰنَ الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ وَرَحِیْمَھُمَا یَارَبِّ یَارَبِّ یَارَبِّ یَآ ﷲُ یَآ ﷲُ یَا ﷲُ ۔
پھر اسی حال میں ہاتھ اٹھائے ہوئے کھڑا ہو اور کھڑے ہوکر پھر یہی دُعاء پڑھ۔
پھر دائیں کروٹ پر قبلہ کی طرف منہ کرکے لیٹ جا اور سونے تک درُود شریف پڑھتا رہ۔
جو شخص یقین اور نیک نیتی کے ساتھ اس عمل پر مداومت کرے گا، مرنے سے پہلے حضور اقدس صلی ﷲ علیہ وسلم کو ضرور خواب میں دیکھے گا۔
بعض لوگوں نے اس کا تجربہ کیا انہوں نے دیکھا کہ وہ جنت گئے۔ وہاں انبیاء کرام اور سید الکونین صلی ﷲ علیہ وسلم کی زیارت ہوئی اور اُن سے بات کرنے کا شرف حاصل ہوا۔
اس عمل کے بہت سے فضائل ہیں جن کو ہم نے اختصاراً چھوڑدیا۔
اور بھی متعدد عمل اس نوع کے حضرت پیرانِ پیر رحمۃ اللہ علیہ سے نقل کئے ہیں‘ علامہ دمیریؒ نے حیٰوۃ الحیون میں لکھا ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن جمعہ کی نماز کے بعد باوضو ایک پرچہ پر محمد رسول اللہ احمد رسول اللہ پینتیس 35 مرتبہ لکھے اور اس پرچہ کو اپنے ساتھ رکھے اللہ جل شانہ’ اس کو طاعت پر قوت عطا فرماتا ہے اور اس کی برکت میں مدد فرماتا ہے اور شیاطین کے وساوس سے حفاظت فرماتا ہے اور اگر اس پرچہ کو روزانہ طلوع آفتاب کے وقت درُود شریف پڑھتے ہوئے غورسے دیکھتا رہے تو نبی کریم صلی ﷲ علیہ وسلم کی زیارت خواب میں کثرت سے ہوا کرے۔
کتاب کا نام: برکات درود شریف کے حیرت انگیز واقعات
صفحہ: 124 – 126
برکات درود شریف کے حیرت انگیز واقعات
قرآن و حدیث میں درود شریف کی فضیلت اور اسی طرح درود شریف کی تاثیر کے حیرت انگیز واقعات اس کتاب میں بیان کئے گئے ہیں ۔
0 Comments