اَسّی سال کے گناہ معاف

Barakat e Darood Shareef

اَسّی سال کے گناہ معاف

 ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضور اقدس صلی ﷲ علیہ وسلم کا ارشاد نقل کرتے ہیں کہ مجھ پر درُود پڑھنا۔ پُل صراط پر گذرنے کے وقت نور ہے اور جو شخص جمعہ کے دن اسی 80 دفعہ مجھ پر درُود بھیجے اس کے اسی 80 سال کے گناہ معاف کردئیے جائیں گے۔
علامہ سخاویؒ نے قولِ بدیع میں اس حدیث کو متعدد روایات سے جن پر ضعف کا حکم بھی لگا یا ہے نقل کیا اور صاحبِ اتحاف نے بھی شرح احیاء میں اس حدیث کو مختلف طرق سے نقل کیا ہے اور محدثین کا قاعدہ ہے ضعیف روایت بالخصوص جب کہ وہ متعّدد طرق سے نقل کی جائے فضائل میں معتبر ہوتی ہے۔
غالباً اسی وجہ سے جامع الصغیر میں ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی اس حدیث پر حسن کی علامت لگائی ہے۔
ملّا علی قاریؒ نے شرح شفا میں جامع الصغیر کے حوالہ سے بروایت طبرانی و دارقطنی اس حدیث کو نقل کیا ہے۔ علامہ سخاویؒ کہتے ہیں کہ یہ حدیث حضرت انس رضی اللہ عنہ کی روایت سے بھی نقل کی جاتی ہے اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی ایک حدیث میں یہ نقل کیا گیا ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن عصر کی نماز کے بعد اپنی جگہ سے اُٹھنے سے پہلے اسی 80 مرتبہ یہ درُود شریف پڑھے۔
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدِنِ النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ وَعَلٰٓی اٰلِہٖ وَسَلِّمْ تَسْلِیْمًا۔
اسکے اسی 80 سال کے گناہ معاف ہوں گے اور اسی سال کی عبادت کا ثواب اس کیلئے لکھا جائے گا۔ دارقطنی کی ایک روایت میں حضور کا ارشاد نقل کیا گیا ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن مجھ پر اسی 80 مرتبہ درُود شریف پڑھے اُس کے اسی 80 سال کے گناہ معاف کئے جائیں گے۔ کسی نے عرض کیا یا رسول اللہ ! درُود کس طرح پڑھا جائے؟
حضور نے ارشاد فرمایا
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ عَبْدِکَ وَنَبِیِّکَ وَرَسُوْلِکَ النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ۔
اور یہ پڑھ کر ایک انگلی بند کرلے۔ اُنگلی بند کرنے کا مطلب یہ ہے کہ انگلیوں پر شمار کیا جائے۔
نبی کریم صلی ﷲ علیہ وسلم سے انگلیوں پر گننے کی ترغیب وارد ہوئی ہے اور ارشاد ہُوا کہ انگلیوں پر گنا کر واسلئے کہ قیامت میں ان کو گویائی دی جائیگی اور اُن سے پوچھا جائیگا ہم لوگ اپنے ہاتھوں سے سینکڑوں گناہ کرتے ہیں جب قیامت کے دن پیشی کے وقت میں ہاتھ اور انگلیاں وہ ہزارگناہ گنوائیں ’ جو اُن سے زندگی میں کئے گئے ہیں ان کے ساتھ کچھ نیکیاں بھی گنوائیں جو اُن سے کی گئی ہیں یا اُن سے گنی گئی ہیں۔
دار قطنی کی اس روایت کو حافظ عراقیؒ نے حسن بتلایا ہے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے حضور اقدس صلی ﷲ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کیا گیا ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن سو 100 مرتبہ درُود پڑھے اس کے ساتھ قیامت کے دن ایک ایسی روشنی آئیگی کہ اگر اس روشنی کو ساری مخلوق پر تقسیم کیا جائے تو سب کو کافی ہوجائے۔ ۔
حضرت سہل بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے نقل کیا گیا ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن عصر کی نماز کے بعد
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدِ نِ النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ وَعَلٰی اٰلِہٖ وَسَلِّمْ
اسی 80 دفعہ پڑھے اس کے اسی 80 سال کے گناہ معاف ہوں ۔ علامہ سخاویؒ نے ایک دوسری جگہ حضرت انس رضی اللہ عنہ کی حدیث میں حضور کا یہ ارشاد نقل کیا ہے کہ جو شخص مجھ پر ایک دفعہ درُود بھیجے اور وہ قبول ہوجائے تو اس کے اسی 80 سال کے گناہ معاف ہوتے ہیں۔
حضرت تھانوی نور اللہ مرقدہ’ نے زادالسّعید میں بحوالہ درمختار اصبہانی سے بھی حضرت انس رضی اللہ عنہ کی اس حدیث کو نقل فرمایا ہے۔ علامہ شامی رضی اللہ عنہ نے اس میں طویل بحث کی ہے کہ درُود شریف میں بھی مقبول اور غیر مقبول ہوتے ہیں یا نہیں۔

کتاب کا نام: برکات درود شریف کے حیرت انگیز واقعات
صفحہ نمبر: 109 – 110

Written by Huzaifa Ishaq

12 November, 2022

Our Best Selling Product: Dars E Quran

You May Also Like…

دل کا زنگ کیسے دور کریں

دل کا زنگ کیسے دور کریں

دل کا زنگ کیسے دور کریں(شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ العالی)۔ سرور دو عالم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ...

Example of a Dead House

Example of a Dead House

Example of a Dead House (By Sheikh-ul-Islam Hazrat Maulana Mufti Muhammad Taqi Usmani ) Sheikh-ul-Islam Hazrat Maulana...

0 Comments