انصار کے فضائل اور مفاخر
حضرات انصار رضی اللہ عنہم کا دینی عزت پر فخر کرنا
حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ قبیلہ اوس اور قبیلہ خزرج ایک دوسرے پر فخر کرنے لگے ۔
اوس نے کہا ہم میں سے وہ صحابی ہیں جن کو فرشتوں نے غسل دیا تھا وہ حضرت حنظلہ بن راہب رضی اللہ عنہما ہیں
اور ہم میں سے وہ صحابی بھی ہیں جن کی (موت کی) وجہ سے عرش بھی ہل گیا تھا۔ اور وہ حضرت سعد بن معاذ رضی اللہ عنہما ہیں
اور ہم میں سے وہ صحابی بھی ہیں جن کی (لاش کی) حفاظت شہد کی مکھیوں کے ایک غول نے کی تھی اور وہ حضرت عاصم بن ثابت بن ابی افلح رضی اللہ عنہم ہیں
اور ہم میں سے وہ بھی ہیں جن کی اکیلے کی گواہی دو آدمیوں کے برابر قرار دی گئی ہے۔اور وہ حضرت خزیمہ بن ثابت رضی اللہ عنہما ہیں ۔
۔(اس پر) قبیلہ خزرج نے کہا ہم میں سے چار آدمی ایسے ہیں جنہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں مکمل قرآن حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی جو ان کے علاوہ اور کسی کو حاصل نہ ہو سکی۔
اور وہ (چار حضرات) یہ ہیں حضرت زید بن ثابت ، حضرت ابی بن کعب، حضرت معاذ بن جبل اور حضرت ابوزید رضی اللہ عنہ۔
کتاب کا نام: حیات صحابہ – مولانا یوسف کاندھلوی
صفحہ نمبر: 302
حیات صحابہ – مولانا یوسف کاندھلوی
حیات صحابہ – مولانا یوسف کاندھلوی
یہ کتاب حضرت مولانا یوسف کاندھلوی رحمہ اللہ کی لکھی ہوئی عربی کتاب
” حیات الصحابہ رضی اللہ عنہم ” کا اردو ترجمہ ہے ، یہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت وعقیدت سے بھرپورکتاب ہے ۔ اس کی مقبولیت کے لئےاتنی بات کافی ہےکہ حضرت رحمہ اللہ کےخلوص اورللہیت کےنتیجہ میں اس کتاب کااردوترجمہ بھی کیا گیا ، گویامشائخ عرب وعجم میں یہ کتاب مقبول ہوئی ۔
زیرنظر کتاب تلخیص شدہ ہے جس میں مکررات کو حذف کرکے ہرروایت پر ایک عنوان لگادیا تاکہ علماء کرام کے علاوہ عوام الناس بھی اس سے بآسانی مستفید ہوسکیں ۔
0 Comments