ابن شیبہ یہودی کا قتل اور حضرت حویصہ کا ایمان لانا
حضرت محیصہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جس یہودی پر تم قابو پا لو اسے قتل کر دو۔
چنانچہ ابن شیبہ ایک یہودی تاجر تھا جس کا مسلمانوں سے میل جول تھا اور اس کے ان سے تجارتی تعلقات تھے۔
حضرت محیصہ رضی اللہ عنہ نے اس پر حملہ کر کے اسے قتل کر ڈالا ۔
ان کے بڑے بھائی حضرت حویصہ اس وقت تک مسلمان نہیں ہوئے تھے ۔ حضرت حویصہ، ابن شیبہ کو قتل کرنے کی وجہ سے حضرت محیصہ رضی اللہ عنہ کو مارتے جاتے تھے اور کہتے جاتے تھے کہ اے اللہ کے دشمن ! تو نے اسے قتل کر دیا حالانکہ اللہ کی قسم! تیرے پیٹ کی بہت سی چربی اس کے مال سے بنی ہے ۔
حضرت محیصہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے کہا اللہ کی قسم! اگر حضور صلی اللہ علیہ وسلم مجھے تمہارے قتل کرنے کا حکم دیتے تو میں تمہاری گردن بھی اڑا دیتا ۔
اللہ کی قسم ! اسی بات سے حضرت حویصہ کے اسلام کی ابتداء ہوئی۔ (بھائی کی اس بات کا ان کے دل پر بڑا اثر پڑا)۔
حضرت حویصہ نے کہا اللہ کی قسم! اگر محمد صلی اللہ علیہ وسلم تمہیں میرے قتل کا حکم دے دیں تو کیا تم مجھے ضرور قتل کر دو گے؟
حضرت محیصہ رضی اللہ عنہ نے کہا ہاں اللہ کی قسم!۔
تو حضرت حویصہ نے کہا اللہ کی قسم ! جس دین نے تجھ کو یہاں تک پہنچایا ہے وہ تو عجیب دین ہے۔
کتاب کا نام: حیات صحابہ – مولانا یوسف کاندھلوی
صفحہ نمبر: 297
حیات صحابہ – مولانا یوسف کاندھلوی
حیات صحابہ – مولانا یوسف کاندھلوی
یہ کتاب حضرت مولانا یوسف کاندھلوی رحمہ اللہ کی لکھی ہوئی عربی کتاب
” حیات الصحابہ رضی اللہ عنہم ” کا اردو ترجمہ ہے ، یہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت وعقیدت سے بھرپورکتاب ہے ۔ اس کی مقبولیت کے لئےاتنی بات کافی ہےکہ حضرت رحمہ اللہ کےخلوص اورللہیت کےنتیجہ میں اس کتاب کااردوترجمہ بھی کیا گیا ، گویامشائخ عرب وعجم میں یہ کتاب مقبول ہوئی ۔
زیرنظر کتاب تلخیص شدہ ہے جس میں مکررات کو حذف کرکے ہرروایت پر ایک عنوان لگادیا تاکہ علماء کرام کے علاوہ عوام الناس بھی اس سے بآسانی مستفید ہوسکیں ۔
0 Comments