فضائل قرآن
آنحضور صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ قرآن پڑھا کرو کیوں کہ یہ قیامت کے دن تمہارے لئے شفیع بن کر آۓ گا اسی طرح آپ کا ارشاد ہے کہ جو لوگ قرآن پڑھتے ہیں اور وہ اس کے ماہر ہیں اور تلاوت میں کہیں اٹکتے نہیں ہیں ان کا حشر معزز فرشتوں کے ساتھ ہوگا اور وہ لوگ جو قرآن پڑھتے ہیں لیکن انھیں پڑھنے میں دشواری ہوتی ہے اور رک رک پڑھتے ہیں تو ان کو دوگنا ثواب ملے گا لیکن معزز فرشتوں کے ساتھ اخروی رفاقت بہر حال دو گنے ثواب سے افضل ہے اس لئے قرآن کی صحیح تلاوت ہر حال میں مطلوب محمود ہے۔
عمر بن خطاب رضی اللہ تعالی عنہ بیان فرماتے ہیں کہ حضورصلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ خدا تعالی اسی قرآن کے ذریعہ عمل کرنے اور نہ کرنے پر قوموں کو عزت اور ذلت دیں گے۔
یہ ارشاد بھی آپ ہی کا ہے کہ دو شخص قابل رشک ہیں ایک وہ جسے خدا تعالی نے دولت قرآن عطاء فرمائی اور وہ دن رات اس کی تلاوت میں لگا رہتا ہے اور دوسرا وہ جسے خدا تعالی نے مال و دولت عطاء فرمائی اور وہ برابر اللہ تعالی کے راستہ میں خرچ کرتا رہتا ہے۔
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کسی اور سے نہیں حضور صلی اللہ تعالی علیہ وسلم سے ہی نقل فرماتے ہیں کہ آپ نے ارشاد فرمایا کہ قیامت کے دن قرآن پڑھنے والے سے کہا جاۓ گا کہ قرآن کی تلاوت کرتا جا اور درجات جنت پر چڑھتا جا اور قرآن کی اس طرح تلاوت کر جیسا کہ دنیا میں کرتا تھا جس آیت پر تیری تلاوت کا اختتام ہوگا وہی تیری منزل ہوگی۔
کتاب کا نام: گنجینہ اسرار
صفحہ نمبر: 167 – 168

گنجینہ اسرار
اکابرین اولیاء اللہ میں سے مولانا انور شاہ کشمیری صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ کے خصوصی مجربات، مؤثر عملیات اور زود اثر اوراد و وظائف کا مجموعہ ۔ از : مظفر الحسن قاسمی ۔