کھیل و تفریح بھی اسلام کا حصہ ہیں

مسنون زندگی قدم بہ قدم

کھیل و تفریح بھی اسلام کا حصہ ہیں

اسلام صحت و تندرستی کے حصول کے لیے کھیلوں کی اجازت دیتا ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا خود کرکے دکھایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیراکی کی دوڑ لگائی، گھڑ سواری کی، کشتی کھیلی، تیر اندازی کی، باغات کی سیر کی۔ ان اُمور میں جہاں بے شمار اسلامی اور جہادی صفات وابستہ ہیں وہاں شرعی تفریح اور تندرستی مقصود بھی ہے۔
اسلام قید کا مذہب نہیں اور نہ ہی سختی کا مذہب ہے بلکہ اسلام پابندی کا مذہب ہے۔ اُمت جب بھی ان پابندیوں کو اپنے اوپر لاگو کرکے زندگی گزارے گی وہ خوشحال اور کامران اور ترقی کی منازل طے کرتی چلی جائے گی۔
جب ہم حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی ازدواجی زندگی کو دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ آپ اپنی ازواج کو تفریح کے لیے وقت دیتے اور اپنی ازواج کو ہنساتے، کتابوں میں آتا ہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ دوڑ لگائی اور ایک مرتبہ دو حبشیوں کا مقابلہ ہورہا تھا تو آپ نے پردہ میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کو وہ مقابلہ دکھلایا۔ غرض یہ کہ آپ اپنی ازواج کی تفریح کے لیے وقت دیتے تھے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور دیگر صحابہ رضی اللہ عنہم کا تفریح کے لیے باغوں میں جانا، پھر کھیلوں کے مختلف مقابلے، یہ سب اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ اسلام زہد خشک کو ہرگز پسند نہیں کرتا، اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی قائم کردہ حدود میں رہ کر آپ ہنسی، کھیلیں، خوشیاں منائیں یا تفریحات کریں، اگر یہ سب جو اعتدال میں ہے تو اسلام نے اس کی اجازت دی ہے۔
پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم رات، رات بھر نفلی عبادت کرتے تھے، کچھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے ان کی پیروی کرنی چاہی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو معلوم ہوا تو آپ نے فرمایا، تم پر جتنا حق اللہ کا ہے اتنا ہی حق تمہاری جانوں کا بھی ہے، جاؤ کچھ آرام بھی کرلیا کرو، یہی آرام تو ہے جسے آج کی زبان میں ماہرین تفریح کے نام سے موسوم کرتے ہیں، مقصد وہی ہے کہ جو کام آپ مسلسل کررہے ہیں، اس کی طرف سے کچھ دیر کے لیے توجہ ہٹالیں، یہ کام بھرپور نیند لے کر بھی کیا جاسکتا ہے جو آرام کی سب سے بہتر شکل ہے، آپس میں تبادلہ خیال، مختلف النوع موضوع پر گفتگو وغیرہ بھی تفریح کے ذیل میں آتی ہے۔

کتاب کا نام: مسنون زندگی قدم بہ قدم
صفحہ نمبر: 402 تا 401

Written by Huzaifa Ishaq

15 October, 2022

You May Also Like…

0 Comments