مردوں کی نماز سے عورتوں کی نماز کا فرق

مسنون زندگی قدم بہ قدم

مردوں کی نماز سے عورتوں کی نماز کا فرق

۔1۔ عورتوں کو نماز شروع کرنے سے پہلے پورے بدن کا ڈھانکنا ضروری ہے، صرف چہرہ، دونوں ہتھیلیاں اور دونوں قدم کھلے رہ سکتے ہیں، بعض عورتوں کی کلائیاں، سر کے بال کھلے رہ جاتے ہیں، اس سے نماز نہیں ہوتی۔

۔2۔ عورتوں کو ہاتھ کندھے ہی تک اُٹھانا سنت ہے۔

۔3۔ دونوں ہاتھوں کو دوپٹے یا چادر کے اندر ہی اندر کندھوں تک اُٹھائیں گی، دوپٹے یا چادر سے باہر ہاتھ نہ نکالیں گی۔

۔4۔ عورتیں ہاتھ سینے پر باندھیں گی، دائیں ہاتھ کی ہتھیلی بائیں ہاتھ کی ہتھیلی پر رکھ دیں گی۔

۔5۔ رکوع میں عورتیں پیٹھ اور کمر برابر نہ کریں گی، تھوڑا کم جھکیں گی۔

۔6۔ عورتیں رکوع کی حالت میں گھٹنوں پر اُنگلیاں ملی رکھیں گی، کھلی اور کشادہ نہ رکھیں گی۔

۔7۔ رکوع میں پاؤں کو بالکل سیدھا نہ رکھیں گی بلکہ گھٹنوں کو آگے کی طرف کرکے جھکیں گی۔

۔8۔ رکوع میں عورتوں کے بازو پہلو (بغل) سے ملے اور لگے رہیں گے، الگ اور علیحدہ نہ رہیں گے۔

۔9۔ دونوں پیر بھی قریب ملے رہیں گے، قدم کے درمیان فاصلہ اور فرق نہ رہے۔

۔10۔ رکوع میں دونوں گھٹنے بھی قریب قریب ملے رہیں گے۔

۔11۔ عورتیں سجدے میں جاتے ہوئے سینہ جھکاتی ہوئی جائیں گی۔

۔12۔ عورتیں سجدے کی حالت میں تمام اعضاء کو ایک دوسرے سے ملا کر اور لگا کر رکھیں گی، یعنی پیٹ ران سے، بازو پہلو سے مل جائے، اسی طرح ہر عضو ایک دوسرے سے ملا رہے گا۔

۔13۔ کہنی بازو سمیت زمین پر بچھا دیں گی۔

۔14۔ بیٹھنے کی حالت میں اپنے پیروں کو دائیں جانب نکال کر سرین پر بیٹھیں گی، یعنی سرین زمین پر رکھ دیں گی اور دائیں پیر کی پنڈلی کو بائیں پیر پر رکھیں گی اور بائیں کولہے پر بیٹھیں گی۔

۔15۔ دو سجدوں کے درمیان اور تمام تشہد میں خواہ اوّل ہو یا آخر اسی طرح بیٹھیں گی۔

۔16۔ سجدے میں اور بیٹھنے کی حالت میں اُنگلیاں ایک دوسرے سے ملی رہیں گی، ان کے درمیان کشادگی نہ رہے گی۔

۔17۔ فجر کی نماز عورتوں کو صبح صادق کے بعد جلد اندھیرے میں پڑھنا مسنون ہے۔

۔18۔ عورتوں کو نماز میں زور سے قرأت وغیرہ ممنوع ہے۔

۔19۔ عورتوں کی جماعت مکروہ ہے خواہ فرائض کی ہو یا نوافل کی ہو۔

۔20۔ عورتوں کو مسجد میں تنہا یا شریک جماعت ہوکر نماز پڑھنا ممنوع ہے۔ (شامی، جلد:1، صفحہ 504، بحرالرائق)

۔21۔ عورتیں تراویح کی نماز گھروں میں جماعت کے ساتھ مرد کے پیچھے پڑھ سکتی ہیں۔

کتاب کا نام: مسنون زندگی قدم بہ قدم
صفحہ نمبر: 160 تا 162

Written by Huzaifa Ishaq

10 October, 2022

You May Also Like…

0 Comments