سفر کی مسنون دُعائیں

مسنون زندگی قدم بہ قدم

سفر کی مسنون دُعائیں

 جب ارادۂ سفر کرے تو کیا دُعا پڑھے؟۔
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم سفر کا ارادہ فرماتے تو یہ دُعا پڑھتے:۔
۔‘‘اَللّٰھُمَّ بِکَ اَصُوْلُ وَبِکَ اَحُوْلُ وَبِکَ اَسِیْرُ’’ (مسند بزار برجال ثقات، مجمع:10؍130)
ترجمہ:۔ ‘‘اے اللہ! میں آپ ہی کی مدد سے حملہ کرتا ہوں، آپ ہی کی اعانت سے گھومتا ہوں، آپ ہی کی مدد سے سیر کرتا ہوں’’۔
حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب گھر سے بارادہ سفر نکلتے تو نکلتے وقت یہ دُعا پڑھتے:۔
۔‘‘اٰمَنْتُ بِاللّٰہِ، اِعْتَصَمْتُ بِاللّٰہِ، تَوَکَّلْتُ عَلَی اللّٰہِ، لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلاَّ بِاللّٰہِ’’ (ابن سنی فیہ راوی مجہول:439)
ترجمہ:۔ ‘‘میں ایمان لایا اللہ پر، میں نے مضبوطی سے پکڑا اللہ کو، بھروسہ کیا میں نے اللہ پر، نہ کسی کو طاقت نہ قوت سوائے اللہ کے’’۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب سفر فرماتے تو یہ دُعا فرماتے:۔
۔‘‘اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُبِکَ مِنْ وَعْثَآءِ السَّفَرِ وَکَأبَۃِ الْمُنْقَلَبِ، اَللّٰھُمَّ زَوِّلَنَا الْاَرْضَ وَقَرِّبْ لَنَا السَّفَرَ’’ (الدعا:1179)
ترجمہ:۔ ‘‘اے اللہ! میں مشقت سفر سے پناہ مانگتا ہوں اور بری واپسی سے، اے اللہ! زمین کو ہمارے لیے طے فرما اور سفر قریب کردے’’۔

کتاب کا نام: مسنون زندگی قدم بہ قدم
صفحہ نمبر: 250

Written by Huzaifa Ishaq

15 October, 2022

You May Also Like…

0 Comments