رمضان کے روزوں کی سنتیں

مسنون زندگی قدم بہ قدم

رمضان کے روزوں کی سنتیں

سحری:۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے کہ سحری میں برکت ہے اسے ہرگز نہ چھوڑو! اگر کچھ نہیں تو اس وقت پانی کا ایک گھونٹ ہی پی لیا جائے کیونکہ سحر میں کھانے پینے والوں پر اللہ تعالیٰ رحمت فرماتا ہے اور فرشتے ان کیلئے دُعائے خیر کرتے ہیں…. (مسند احمد…. معارف الحدیث)

افطار:۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ اپنے بندوں میں مجھے وہ بندہ زیادہ محبوب ہے جو روزہ کے افطار میں جلدی کرے…. یعنی غروب آفتاب کے بعد بالکل دیر نہ کرے…. (معارف الحدیث…. جامع ترمذی)

حضرت سلمان بن عامر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جب تم میں سے کسی کا روزہ ہو تو وہ کھجورسے افطار کرلے اور اگر کھجور نہ پائے تو پھر پانی ہی سے افطار کرے اس لیے کہ پانی کو اللہ تعالیٰ نے طہور بنایا ہے…. (مسند احمد…. ابی داؤد…. جامع ترمذی…. ابن ماجہ…. معارف الحدیث)

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مغرب کی نماز سے پہلے چند تر کھجوروں سے روزہ افطار فرماتے تھے اور اگر تر کھجوریں بروقت موجود نہ ہوتیں تو خشک کھجوروں سے افطار فرماتے تھے اور اگر خشک کھجوریں بھی نہ ہوتیں تو چند گھونٹ پانی پی لیتے تھے…. (جامع ترمذی)

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب افطار فرماتے تھے تو کہتے تھے:۔ ۔‘‘ذَھَبََ الظَّمَاءُ وَابْتَلَّتِ الْعُرُوْقُ وَثَبَتَ الْاَجْرُ اِنْ شَآءَ اللّٰہ ط’’۔ (سنن ابی داؤد…. معارف الحدیث)

معاذ بن زہیرہ تابعی سے روایت ہے کہ وہ کہتے ہیں کہ مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب روزہ افطار فرماتے تھے تو کہتے تھے: ‘‘اَللّٰھُمَّ لَکَ صُمْتُ وَعَلٰی رِزْقِکَ اَفْطَرْتُ ط’’ (سنن ابی داؤد…. معارف الحدیث)

حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:۔ کہ روزے دار کی ایک بھی دُعا افطار کے وقت مسترد نہیں ہوتی (ابن ماجہ…. معارف الحدیث)۔

تراویح:۔ اکثر علماء اس بات پر متفق ہیں کہ تراویح کے مسنون ہونے پر اہلسنّت والجماعت کا اجماع ہے…. آئمہ اربعہ میں یعنی امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ…. امام شافعی اور امام احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہم ان سب حضرات کی فقہ کی کتابوں میں اس کی تصریح ہے کہ تراویح کی بیس رکعات سنت مؤکدہ ہیں…. (خصائل نبوی)

کتاب کا نام: مسنون زندگی قدم بہ قدم
صفحہ نمبر: 174 تا 175

Written by Huzaifa Ishaq

10 October, 2022

You May Also Like…

0 Comments