اللہ کے راستے میں پہرہ دینا

حیات صحابہ - مولانا یوسف کاندھلوی

اللہ کے راستے میں پہرہ دینا

حضرت ابو ریحانہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ وہ ایک غزوہ میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے۔ فرماتے ہیں کہ ایک رات ہم لوگ ایک اونچی جگہ ٹھہرے۔ وہاں اتنی سخت سردی پڑی کہ میں نے دیکھا کہ لوگ گڑھا کھود کر اس میں بیٹھ گئے اور اپنے اوپر اپنی ڈھال ڈال لی جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ حالت دیکھی تو آپ نے فرمایا آج رات ہمارا پہرہ کون دے گا؟
میں اس کے لئے ایسی دعا کروں گا جو اس کے حق میں ضرور قبول ہو گی۔
ایک انصاری نے کھڑے ہو کر کہا یا رسول اللہ! میں (پہرہ دوں گا)۔
آپ نے فرمایا تم کون ہو؟ اس نے کہا فلاں۔ آپ نے فرمایا قریب آ جاؤ۔
چنانچہ وہ انصاری قریب آئے۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے کپڑے کا ایک کنارہ پکڑ کر دعا کرنی شروع کی۔ جب میں نے (وہ دعا) سنی تو میں نے کہا میں بھی تیار ہوں۔ آپ نے فرمایا تم کون ہو؟
میں نے کہا ابوریحانہ رضی اللہ عنہ آپ نے میرے لئے بھی دعا فرمائی لیکن میرے ساتھی سے کم۔ پھر آپ نے فرمایا جو آنکھ اللہ کے راستہ میں پہرہ دے اس آنکھ پر آگ حرام کر دی گئی ہے۔

کتاب کا نام: حیات صحابہ – مولانا یوسف کاندھلوی
صفحہ نمبر: 258

Written by Huzaifa Ishaq

24 October, 2022

You May Also Like…

0 Comments